صوبے کی ترقی کیلئے بلدیاتی نمائندگان کو اجتماعی جذبے سے کام کرنا ہوگا،منشاء اللہ بٹ

صوبے کی ترقی کیلئے بلدیاتی نمائندگان کو اجتماعی جذبے سے کام کرنا ہوگا،منشاء ...

  

لاہور(خبرنگار) صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی کے لیے نو منتخب بلدیاتی نمائندگان کو ذاتی مفاد سے بالا تر ہو کر اجتماعی خدمت کے جذبے سے سر شار ہو کر کام کرنا ہوگا۔ پنجاب ایوارڈ کمیشن کے تحت لوکل گورنمنٹ کی مد میں ملنے والی رقم 17 ارب روپے سے بڑھا کر 43.2 ارب روپے کردی گئی ہے۔ پنجاب لوکل ایکٹ 2013 ء کے تحت صوبے کے تمام ڈویژن کے فوکل و ریسورس پرسنز مقرر کر دئیے ہیں جو کہ ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ کے ساتھ مالیاتی امور کے حوالے سے کسی بھی وضا حت اور راہنمائی کے لئے مسلسل رابطہ رکھیں گے۔انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مقامی حکومتوں کے مالیاتی امور ، اکاؤنٹس، آڈٹ اور دیگر متعلقہ معاملات کے حوالے سے کسی بھی فوری وضاحت اور راہنمائی کے لئے درج ذیل نامزد افسران سے رابطہ کر سکیں گے۔لاہور ڈویژن سے عامر مفتی،گوجرانوالہ سے عبدالرؤف، سرگودھا سے محمد شفیق، فیصل آباد مظہر حسین لنگڑیال، راولپنڈی سے جنید حمید حق، ساہیوال سے ریاض حشمت،ملتان سے سکندر مرزا بیگ،ڈی جی خان سے مہر ریاض حراج، بہاولپور سے منیر احمد ظفر جبکہ کسی بھی مزید مدد کے لئے ریسورس پرسن بھی نامزد کر دئے گئے ہیں لاہور سے چیف انسپکٹر ٹریژیری محمد رفیق اور ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر پراونشل ڈائریکٹر لوکل فنڈ آڈٹ محمد آصف سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندگان اس بات کو ذہن نشین کرلیں کہ انھیں عوام کی طرف سے حقیقی پذیرائی خدمت سے ملے گی ۔انھوں نے کہا کہ ملک میں میگا پرا جیکٹس کی حد تک تو قابل ذکر کام ہوا ہے پھر بھی گلی محلہ کی ترقی کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے عوامی امنگوں کی صحیح ترجمانی کرتے ہوئے بلدیاتی نمائندوں کو شہر ی و دیہی ترقی کا ٹاسک سونپا ہے۔ بلدیاتی نمائندوں کوکسی بھی مداخلت کے بغیر مقامی ضرورت کی بنیاد پر شفاف انداز میں فنڈز خرچ کرسکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ جب عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہوگا تو یقیناًاسکے اثرات ملکی سطح پر بھی مرتب ہونگے۔بلدیاتی نمائندے اپنے حلقہ میں تجاوزات ، غذائی ملاوٹ، بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی اور خطرناک اشیاء کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھنے کے پابند ہونگے۔ میئر، ڈپٹی میئر ، ڈسٹرکٹ اینڈ میونسپل کارپوزیشنز کے چیئر مین اور وائس چیئر مین منتخب ہونے پر یونین کونسلزکے چیئر مین اپنی بنیادی انتخابی سیٹ برقرار رکھ سکیں گے۔ انھوں نے بلدیاتی نمائند وں کی استعداد کارمیں اضافے کے سلسلہ میں کامیاب کورس کے انعقاد پر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے حکام کا بے حد شکرگزار ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -