سانحہ سیہون کے شہیدوں کے اعضاء کی توہین کرنیوالے سزاوارہیں

سانحہ سیہون کے شہیدوں کے اعضاء کی توہین کرنیوالے سزاوارہیں

  

لاہور(وقائع نگار)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ سانحہ سیہون کے شہیدوں کے اعضاء کی توہین کرنیوالے سزاوارہیں ،اس مجرمانہ غفلت میں ملوث افراد میں سے کوئی بھی قانون کی گرفت اورقرارواقعی سزاسے نہیں بچے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے اس شرمناک واقعہ کافوری نوٹس لیا ہے ،تحقیقات جاری ہیں ۔ہماری قیادت سمیت ہمارے دل بھی رنجیدہ ہیں، سانحہ سیہون کے شہداء کوان کے شایان شان انداز سے سپردخاک کیا گیا۔ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کے حکم پر سندھ کی صوبائی حکومت شہیدوں اورزخمیوں کی مالی مددکرے گی اورزیرعلاج زخمیوں کاسرکاری سطح پرعلاج کیاجارہا ہے۔وہ نادرآبادمیں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی حالیہ لہر وفاقی حکومت کی نااہلی اور بزدلی کاشاخسانہ ہے۔ملک کودہشت گردی کی آگ میں جلتاچھوڑکرحکمران شاہراہیں تعمیر کرنے کی آڑمیں پیسہ بنارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران قیام امن کے سلسلہ میں درست ،دوررس اورسخت اقدامات کرنے میں ناکام رہے ۔حکمران اپنے قلوب میں سماج دشمن عناصر کیلئے نرمی کی فوری وضاحت کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کونڈر لیڈرشپ کی ضرورت ہے ،شریف برادران کامیاب ٹریڈر ہیں لیکن ان میں محب وطن لیڈر والی کوئی خوبی نہیں ۔پیپلزپارٹی کی قیادت اپنے ملک کوامن وآشتی کاگہوارہ بنانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی ۔انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان کی سا لمیت اوراپنے محفوظ مستقبل کیلئے اقتدار کی باگ ڈور پیپلزپارٹی کی قیادت کے سپردکریں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -