پی ٹی آئی کے زیر اہتمام شہدا مال روڈ اور سیہون شریف کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی
لاہور (وقائع نگار)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جمشید اقبال چیمہ اور لاہور کی نائب صدر مسرت چیمہ کی طرف سے سانحہ چیئرنگ کراس چوک اور سیہون شریف کے شہداء کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ این اے 124غوثیہ کالونی فتح گڑھ میں منعقدہ قرآن خوانی کی تقریب میں اہل علاقہ اور تحریک انصاف کے کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہداء کی روح کے ایصال ثواب ،زخمیوں کی جلد صحتیابی اورملک و قوم کی سلامتی کے لئے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہو گی بلکہ پاکستانی افواج کے ساتھ مل کر دہشتگردوں کا ہر جگہ پیچھا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے بننے والے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنائے بصورت دیگرآپریشن ضرب عضب کی کامیابیاں ضائع ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بم دھماکوں کے متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والے قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں طے شدہ قومی پالیسی پر ہر صور ت عمل کیا جائے۔ پنجاب سمیت جہاں بھی دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی ضرورت ہے اسے بلا تاخیر شروع کرنا چاہیے۔