مسیحی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملک کا ہر اول دستہ ہے ،طاہر خلیل سندھو

مسیحی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملک کا ہر اول دستہ ہے ،طاہر خلیل سندھو

  

لاہور(خبرنگار) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ملک کا ہر اول دستہ ہے اور وہ وطن کی سلامتی اور امن کے قیام کیلئے بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ ماضی میں یوحنا آباد اور گلشن پارک سمیت دہشت گردی کے کئی واقعات میں مسیحی افراد نے ملک کے لئے شہادت پائی اور آئندہ بھی اپنے مسلمان بھائیوں کے شانہ بشانہ متحد اور سیسہ پلائی دیوار بن کر دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اقلیتی اراکین اسمبلی اور چرچ رہنماؤں کے ہمراہ ایف جی اے گراؤنڈ بہار کالونی کوٹ لکھپت میں مسیحی برادری کے ہزاروں افراد کی طرف سے منعقدہ اجتماعی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ رکن صوبائی اسمبلی شہزاد منشی،پاسٹر انور فضل، ندا فضل، سرفراز غوری،آصف بھٹی، پاسٹر عمران فضل و دیگر نے حالیہ بم دھماکوں میں شہید ہونے والے شہریوں ،اعلٰی پولیس افسران و سکیورٹی اہلکاروں کے درجات کی بلندی،زخمیوں کی جلد صحت یابی،متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی اجتماعی دعا کروائی۔ اس موقع پر دہشت گردوں کے خلاف نبردآزما وفاقی و صوبائی حکومتوں، پاک فوج، پولیس اور سکیورٹی اداروں پر بھر پور اعتماد اور ان کیساتھ یک جہتی کا اظہار کیا گیا۔ خلیل طاہر سندھو اور اقلیتی ایم پی ایز سمیت مسیحی رہنماؤں نے چئیرنگ کراس سمیت کوئٹہ ،پشاور اور سہیون شریف بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی تقریب کا مقصد شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے، اقلیتوں سمیت ملک میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں،بزدل دہشت گرد وں نے یقینی شکست سے گھبرا کر سافٹ ٹارگٹس کے ذریعے ایک بار پھر معصوم شہریوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا ہے، تاہم قوم کے حوصلے بلند ہیں۔انہوں نے کہا کہ مال روڈ بم دھماکہ کی سفاکانہ کاروائی میں ملوث سہولت کار کا پکڑا جانا اور نیٹ ورک تک رسائی حکومت پنجاب کی بڑی کامیابی ہے ۔ تقریب کے شرکاء نے شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام اقلیتی برادری لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گیا اور ملک میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں آخری فتح بہادر پاکستانی قوم کی ہو گی۔ بعد ازاں وزیر اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے پینتی کوست( Pentecost) چرچ گل چوک کوٹ لکھپت سے متصل واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا جس سے ہزاروں کی تعداد میں اہل علاقہ کرسچین اور مسلم دونوں کمیونٹی کے افراد مستفید ہو سکیں گے۔کیپٹن (ر)یعقوب مسیح،ایم پی اے شہزاد منشی، مسیحی رہنما سموئیل پیارا،ریونڈ ڈاکٹر جمیل ناصر،ممبر برٹش ایمپائر(MPE) حاجی محمد اسلمو اہل علاقہ کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔وزیر اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا مخیر اور صاحب ثروت افراد کی طرف سے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی بہت بڑی نیکی ہے،جیلوں میں بھی اسیران کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -