حکومت مزارات اولیاء کی سیکورٹی فول پروفبنائے،حامد رضا
لاہور( وقائع نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ چوہدری نثار ناکام ، نالائق اور نااہل وزیر داخلہ ہے اسے وزارت داخلہ سے الگ کیا جائے ۔حکومت دہشت گردوں مذہبی سرپرستوں کو بھی پکڑے ۔ حکومت نے داعش کے فتنہ سے آنکھیں بند رکھی ہیں۔پاکستان میں دہشت گردی کے لئے بھارت اور امریکہ افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہے ہیں۔را دہشت گردوں کو افغانستان میں تربیت دے کر پاکستان میں دہشتگردی کروا رہی ہے۔ہمارا وزیر اعظم بھارت کی پاکستان دشمنی کے خلاف کب آواز کھولے گا۔سنی اتحاد کونسل مزارات اولیا ء کی سیکورٹی کیلئے حکومت کو رضا کار دینے کیلئے تیار ہے۔مزارات اولیاء کی تالہ بندی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔حکومت مزارات اولیاء کی سیکورٹی کیلئے خصوصی کمانڈوز تعینات کرے ۔موجودہ حکومت دہشت گردی ختم کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی ۔
پنجاب میں رینجرز آپریشن کا مطالبہ پوری قوم کی آواز ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ انوارِ مدینہ میں تحفظِ مزارات اولیاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ سفاک دہشت گرد ہماری سیکورٹی فورسز کی بے رحم کاروائی کے مستحق ہیں۔افغانستان سے دہشت گردوں کی در اندازی روکنے کے لیے پاک افغان سرحد پر خندق کھودی جائے۔قوم موجودہ نا اہل حکمرانوں سے مایوس ہو چکی ہے۔پاکستان کو درپیش جنگی حالات میں قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے۔ قومی اتحاد و یکجہتی کی فضاء پیدا کرنا وقت کا تقاضا ہے۔بھارت کے لیے نرم گوشہ رکھنے والے حکمران پاکستان کیلئے سیکورٹی رسک بن چکے ہیں۔سنی اتحاد کونسل پوری طاقت کے ساتھ تحفظ مزارات اولیاء تحریک چلائے گی۔دہشت گردوں کے خلاف قوم کو یکسو اور متحد کریں گے۔کرایہ کے قاتل دہشت گرد دلیر اور بہادر پاکستانی قوم کو خوفزدہ کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔کانفرنس سے مفتی محمد حبیب قادری ،مفتی محمد مقیم خان،صاحبزادہ معاذالمصطفےٰ ،مولانا محمد علی نقشبندی ،مولانا محمد آصف رضوی ،ارشد مصطفائی نے بھی خطاب کیا۔
Ba