پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ کی ہم نصابی سرگرمیوں میں شاندار کارکردگی
لاہور(خبرنگار) پنجاب یونیورسٹی طلباؤ طالبات نے مختلف اداروں کے زیر اہتمام منعقدہونے والی ہم نصابی سرگرمیوں میں شرکت کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کیا اور کئی نمایاں پوزیشنز اپنے نام کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی کالج لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ پہلے پرفارمنگ آرٹس فیسٹیول میں طلبہ مسلم شگن ،محمد ، زارعون اور محسن طارق نے بیٹل آف بینڈ مقابلوں میں پہلی پوزیشن جبکہ ایسٹرن اور ویسٹرن گائیکی مقابلوں میں بالترتیب علی جان اور سنبل حفیظ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
اسی طرح ایف سی کالج لاہور میں تھیٹرو 17(ڈرامہ، ڈانس، میوزک)مقابلوں میں غفران چشتی اور عطاء سبحانی نے بالترتیب سولو گائیکی اور ڈانس میں پہلی پوزیشن اپنے نام کی جبکہ ڈرامہ میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ سارا طارق، بہترین مزاحیہ اداکارکا ایوارڈ عاصم چوہدری اور بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ زین العابدین نے حاصل کیا۔ فاسٹ نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ سائنسز لاہور میں منعقدہ آل ڈیبیٹنگ چیمپئن شپ میں سمیع اللہ اور نائمہ علی نے اردو پارلیمنٹری ڈیبیٹ میں فرسٹ رنر اپ ٹرافی جبکہ انگریزی پارلیمنٹری ڈیبیٹ میں محمد ابو بکر اور شہروز ایوب نے سیکنڈ رنر اپ ٹرافی جیتی ۔بہترین اردو مقرر کو بہترین اردو مقرر کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ شہروز ایوب نے بہترین انگریزی مقرر کیلئے تیسرا ایوارڈ جیتا اورمحمد ابو بکر کی بہترین اردو مقرر کیلئے چوتھی پوزیشن رہی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے شاندار کامیابی پر طلبہ کو مبارک باد پیش کی ہے ۔