اورنگی ٹاؤن کے مکینوں کا وارداتوں کیخلاف احتجاج ، پولیس کی شیلنگ ، 3زخمی ، متعدد گرفتار

اورنگی ٹاؤن کے مکینوں کا وارداتوں کیخلاف احتجاج ، پولیس کی شیلنگ ، 3زخمی ، ...

  

کراچی ( ما نیٹر نگ ڈیسک) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں بڑھتی ڈکیتیاں ناقابل برداشت ہو گئیں تو مکین سڑکوں پر نکل آئے، امن و امان کی بحالی میں ناکامی پر مظاہرین پولیس سے الجھ پڑے، علاقہ میدان جنگ بن گیا۔تحفظ مانگنا اورنگی ٹاؤن کے مکینوں کا جرم بن گیا۔ اورنگی ٹاؤن کا اسلام چوک میدان جنگ بن گیا۔ کالی وردی والے کراچی میں ڈکیتیاں روکنے میں تو ناکام ہیں ہی مگر روز روز کی وارداتوں سے تنگ شہری سڑکوں پر آئے تو الٹا انہی پر شیلنگ کی گئی اور گولیاں برسا دی گئیں۔پولیس کے فائر کئے گئے شیل گھروں میں گرے۔ پولیس کی جانب سے طاقت کے اندھادھند استعمال سے مظاہرین کی حالت خراب ہو گئی اور 3 مظاہرین زخمی ہو گئے لیکن پولیس کے اس اقدام نے مظاہرین کو مزید مشتعل کر دی اور وہ ڈٹ گئے۔ پولیس کی جانب سے فائر ہوتے رہے تو مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ جاری رہا۔بات بڑھی تو پولیس نے مزید نفری طلب کر لی۔ صورتحال پر قابو پانے کیلئے کچھ دیر بعد رینجرز بھی علاقے میں پہنچ گئی۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان دو گھنٹے تک آنکھ مچولی چلتی رہی۔ آخرکار مظاہرین کو پسپا ہونا پڑا لیکن علاقے میں خوف و ہراس کی فضاء قائم ہے۔جونہی مظاہرین پسپا ہوئے پولیس کی جانب سے کئی افراد کو گرفتار کر لیا گیا جس کے بعد مظاہرین نے ایک بار پھر گرفتاریوں کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔ ان احتجاجیوں کو بھی پولیس کی مار کھانی پڑی۔ اس دوران پولیس اہلکاروں نے خواتین کے ساتھ بدتمیزی بھی کی۔

احتجاج

مزید :

صفحہ اول -