انسانی اعضاء کو گندگی میں پھینکنے والوں کیخلاف سخت ایکشن ہو گا: مراد علی شاہ

انسانی اعضاء کو گندگی میں پھینکنے والوں کیخلاف سخت ایکشن ہو گا: مراد علی شاہ

  

سیہون شریف(آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اس وقت عوام اور تمام سیاسی جماعتوں کو دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لئے منظم ہونا ہوگا ،80ارب روپے کی خطیر رقم امن وامان قائم کر نے پر لگا رہے ہیں لیکن سرحد پار سے دہشت گرد آکر یہاں پر دہشت گردی پھیلاتے ہیں ،سیہون شریف واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے کافی شواہد ملے ہیں ، کچھ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کررہے ہیں، انسانی اعضاء کو گندگی میں پھینکنے والوں کیخلاف سخت ایکشن ہو گا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز سیہون شریف میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیہون شریف بم دھماکے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، سیہون شریف کے عوام کے صبر و تحمل پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں لیکن اس وقت عوام اور سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہو کر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہو گا کیو نکہ یہ وقت آپس کی غلطیاں نکالنے کا نہیں ۔انہوں نے کہاکہ میڈیا پر غلط خبریں نشر کی گئیں کہ یہاں پر کوئی ہسپتال نہیں ہے حالانکہ تعلقہ لیول کا ہسپتال موجود ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعہ میں 86افراد شہید اور250سے 300تک زخمی ہو گئے جنہیں 15سے 20ایمبولینسوں کے ذریعہ نواب شاہ کے ہسپتالوں میں پہنچا دیا گیا تھا اور پھر وہاں سے پاک فوج کے ہیلی کاپٹر اور سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے شدید زخمیوں کو کراچی کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ ایک زخمی کو علاج کے لئے امریکہ بھی بھیجا ہے لیکن میڈیا کو چاہیے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے ۔ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ انسانی اعضاء کو گندگی میں پھینکنے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتا ہوں ، واقعہ میں ملوث افراد کیخلاف سخت ایکشن لوں گا کیو نکہ میں اس واقعہ کے بعد بہت تکلیف میں ہوں اور پھر گندگی میں انسانی اعضاء کے پھینکنے کے واقعہ سے شرمندگی بھی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سیہون شریف دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے کافی شواہد ملے ہیں اور اس ضمن میں کچھ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کی جارہی ہے لیکن سرحد پار سے دہشت گرد آکریہاں پر دہشت گردی کرتے ہیں لیکن ایجنسیاں سے امید ہے کہ وہ واقعہ کی تہہ تک جائیں گی ۔ایک اور سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے سیہون شریف دربا رکو ایک دن کے لئے بھی بند نہیں کیا تاکہ عوام کے جذبات مجروح نہ ہوں لیکن اب ہم 80ارب روپے کی خطیر رقم امن وامان نافذ کر نے کے لئے لگا رہے ہیں حالات جلد ٹھیک ہو جائیں گے ۔

مزید :

علاقائی -