پنجاب میں دہشتگردوں کیخلاف رینجرز کی مدد لینے کا فیصلہ

پنجاب میں دہشتگردوں کیخلاف رینجرز کی مدد لینے کا فیصلہ

  

لاہور(وقائع نگار،اے این این )وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے زیرصدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب میں دہشت گردی کیخلاف رینجرز کی مدد لینے اورصوبہ بھر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ہونے والے آپریشن کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کا فیصلہ ، دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کیخلاف بے رحمانہ آپریشن کرنے کا عزم، افغانستان کی سرزمین دہشت گردی کے استعمال کرنے پر تشویش کا اظہار ، دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی اور ورثاء کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیاگیا جبکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہاہے کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے پاکستان میں کسی کو آگ اور خون کا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے، دہشت گردی، انتہاء پسندی اور فرقہ واریت پاکستانی عوام کا مقدر نہیں ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے زیرصدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصرخان جنجوعہ ، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی،صوبائی وزیر انسداد دہشت گردی محمد ایوب،ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر نوید حیات ، جی او سی 10ڈویژن میجر جنرل سردار طارق امان ،چیف سیکرٹری کیپٹن (ر)زاہد سعید ، سیکرٹری داخلہ میجر (ر )اعظم سلیمان خان ،آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا اور دیگر سول اور عسکری حکام شریک ہوئے۔اجلاس میں لاہور دھماکے کے ذمہ داروں کی گرفتاری اوردہشت گرد نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ شرکاء نے دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی اور ورثا کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اوردہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے کیے گئے اقدامات اور ان کے نتائج کا جائزہ لیا ۔اجلاس میں لاہور دھماکے کے خودکش بمبار کے سہولت کار اور دیگر دہشت گردوں کی گرفتاری پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا جبکہ محکمہ انسداد دہشت گردی کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔اجلاس میں پنجاب میں دہشت گردی کیخلاف رینجرزکی مددلینے کا فیصلہ کیا گیا تاہم رینجرز کی مدد لینے کا طریقہ کار بعد میں طے کیا جائے گا۔اپیکس کمیٹی نے افغانستان کی سرزمین دہشت گردی کے استعمال کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں اورسہولت کاروں کیخلاف بے رحمانہ آپریشن ہوگا ۔اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام انٹیلی جنس اداروں کے درمیان تعاون مزید بہتر بنایا جائے گا جبکہ صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی کااجلاس باقاعدگی سے منعقد ہوگا۔کالعدم تنظیموں کے خلاف بلاامتیاز ہر جگہ کارروائی ہوگی، کالعدم تنظیموں کے تمام چھوٹے بڑے کارندوں کو گرفتار کیا جائے گا اور کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت کے تمام ذرائع بند کئے جائیں گے۔ اجلاس میں چائنا پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک)کے منصوبوں اورغیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی مزید فول پروف بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کالعدم تنظیموں کے تمام چھوٹے بڑے کارندوں کی گرفتاری کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں افغان مہاجرین کی غیر قانونی نقل و حرکت روکنے کے لئے سخت اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ پنجاب کے سرحدی اضلاع کی کڑی نگرانی پر بھی زور دیا گیا۔اس موقع پراظہارخیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے،دہشت گرد اور سہولت کار پاک دھرتی کا ناسور ہیں،انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے پاکستان میں کسی کو آگ اور خون کا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے، دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت پاکستانی عوام کا مقدر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی، معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عبرت ناک انجام سے نہیں بچ پائیں گے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے، شہدا کے قیمتی خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا ۔

مزید :

ملتان صفحہ اول -