دہشتگردی کے باوجود پاکستان میں زندگی رواں دواں ہے، رپورٹ

دہشتگردی کے باوجود پاکستان میں زندگی رواں دواں ہے، رپورٹ

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امریکی جریدے نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ حالیہ دہشت گردی کی لہر کے باجود پاکستانی سرمایہ کاری کی فضا متاثر نہیں ہوگی۔بلوم برگ کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ میں اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے باوجود پاکستان میں سرمایہ کاری کی فضا متاثر نہیں ہوگی، عالمی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے۔ہانگ کانگ سے بلوم برگ نے سینئر تجزیہ کار کے حوالے سے پاکستان کی تاریخی صورت حال کے پیش نظر کہا ہے کہ دہشت گردی کے یہ واقعات ملک میں معمول کی زندگی کو متاثر نہیں کرسکے، حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے اور ایسے واقعات سرمایہ کاری پر اثر انداز نہیں ہوں گے۔ اکستان کی حکومت کو توقع ہے کہ رواں مالی سال جون تک گروتھ ریٹ 5.7 فیصد پر برقرار رہے گی جو عشرہ کی سب بڑی شرح ہے۔بلوم برگ نے سیہون شریف کے حالیہ واقعہ کو گزشتہ 2 سالوں میں دہشت گردی کا بدترین واقعہ قرار دیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈچ ڈیری کمپنی رائل فرائز لینڈ کمپنیاں دہشت گردی کے واقعات کو ماضی کے واقعات کے طور پر دیکھ رہی ہیں اور سرمایہ کاری کیلئے پرعزم ہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کراچی سمیت دیگر شہروں میں سیکورٹی فورسز کے دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات سے سیکورٹی کی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔رپورٹ کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کار پرامید ہیں کہ پاکستان کی سیکیورٹی صورت حال بہتر ہے اور لوگ معمول کی زندگی جاری رکھے ہوئے ہیں اور ریسٹورنٹس اور دیگر پبلک مقامات پر شہریوں کا رش بڑھ رہا ہے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -