پی پی نے سندھ کو لوٹ مار کی آماجگاہ بنارکھا ہے ، ڈاکٹر سلیم حیدر

پی پی نے سندھ کو لوٹ مار کی آماجگاہ بنارکھا ہے ، ڈاکٹر سلیم حیدر

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے سندھ کو اپنی لوٹ مار کی آماجگاہ بنایا ہوا ہے۔ سہون، دادو سے تین وزیراعلیٰ منتخب ہوچکے ہیں لیکن وہاں پر آج تک نہ تو کوئی علاج معالجے کی سہولیات ہے اور نہ ہی روڈ اور راستے اس قابل ہیں کہ وہاں بحفاظت سفر کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ جو وزیراعلیٰ اپنے حلقہ انتخاب میں شہریوں اور زائرین کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتے وہ سندھ کے عوام کو کیا تحفظ فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کرپٹ سوچ رکھنے والے حکمران ااب کراچی کو بھی بیت المال سمجھ کر لوٹ رہے ہیں۔ کراچی ، حیدرآباد میں نہ تو تعلیمی ادارے بنائے جارہے ہیں، نہ ہی ہسپتال اور نہ ہی دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ پیپلزپارٹی برسراقتدار آکر سب سے پہلے مہاجروں کو تختہ مشق بناتی رہی ہے اور آج بھی اسی روایت پر قائم ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی اور حیدرآباد سے حاصل ہونے والے ٹیکس کا10فیصد بھی ان شہروں پر نہیں لگایا جارہا ہے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو کچھ عرصے کے بعد کراچی، حیدرآباد بھی دادو اور سہون کی طرح ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس صورتحال پر مہاجروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور خاموش بیٹھنے کے بجائے موجودہ حکومت کیخلاف مزاحمت کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ 9سال سے پیپلزپارٹی برسراقتدار ہے اس عرصے میں نہ تو مہاجروں کو ملازمتیں دی گئیں اور نہ ہی مہاجر اکثریتی شہروں میں ترقیاتی کام ہوئے اور نہ ہی مہاجر نوجوانوں کو تعلیم کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -