K4 منصوبہ اگلے مرحلے میں داخل، کام کا آغاز

K4 منصوبہ اگلے مرحلے میں داخل، کام کا آغاز

  

کراچی )اسٹاف رپورٹر(کے فور منصوبہ اگلے مرحلے میں داخل ہوگیا۔ کے فور میں پائپ لائنوں اور سائفن لائنوں کا کام کا آغاز ہوگیا ہے۔اسٹیل کے پائپ اور سائفن کی زندگی سو سال سے زیادہ ہوگی۔ اے پی آئی ۵ ایل ۲۴۔ایکس گریڈ کا اسٹیل اعلیٰ ترین معیار کی ضمانت ہے۔ ۸۴ انچ قطر پائپ کی لائن اِسپاریل ویلڈنگ بین الاقوامی اسٹینڈرڈ کے مطابق بنائی جائے گی۔ اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے لیے ہر پائپ کی انفرادی کمپیوٹرائز الٹراسونک ٹیسٹنگ ہوگی اور اس کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا اِن خیالات کا اظہار کے فور کے پروجیکٹ ڈائریکٹر سلیم صدیقی نے کوٹری کے صنعتی علاقے میں پائپ بنانے والی فیکٹری کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے کرنل انیس ، کرنل ذیشان، کرنل حسن کے علاوہ مشاورتی فرم کے کرنل اجمل رشید، چیف ریذیڈنٹ انجنیئر امیر علی وسان کے فور مینجمنٹ یونٹ کے انجنیئرز معین احمد، سید قیصر علی کے علاوہ شاہ رخ حسین ، سید طاہر علی ،ظفراحمد اور دیگر بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ سلیم صدیقی نے کہا کہ کے فور منصوبے میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔ پائپ لائنوں اور سائفن لائنوں کا کام کا آغاز ہوگیا۔ اسٹیل کے پائپ اور سائفن کی زندگی سو سال سے زیادہ ہوگی۔امریکن پیٹرولیم انسٹی ٹیوٹ کے معیار ۵ایل ۲۴۔ایکس گریڈ کا اسٹیل اعلیٰ ترین معیار کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبے میں مختلف مقامات پرتقریبا بیس کلو میٹر اعلیٰ معیارکے مائلڈ اسٹیل کے پائپ استعمال ہوں گے۔جن کو ہر سطح پر جانچا جائے کیونکہ کے فور ایک انتہائی اہم منصوبہ جس کے تین فیز ہیں اس منصوبے کے تینوں فیز مکمل ہونے کے بعد کراچی کو ۵۶کروڑ گیلن یومیہ پانی فراہم کیا جا ئے گا۔ اس وقت پہلے مرحلے پر کام جاری ہے جس چھبیس کروڑ گیلن پانی حاصل ہوگا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ایف ڈبلیو او کے کرنل انیس نے کہاکہ مطلوبہ معیار کے پائپ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ۔ فیکٹری کا دورہ اسی سلسلے کی کڑی تھی۔ کے فور منصوبے میں تیس ہزار ٹن سے زیادہ اعلیٰ معیار کا اسٹیل استعمال ہوگا۔ جس کی لمبائی پچا س ہزار میٹر سے زیادہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو او کے لئے یہ ایک چیلنجنگ منصوبہ ہے۔ انشااللہ اس کو کامیابی سے مکمل کیا جائے گا۔اس موقع پر کمپنی کے چیئرمین حاجی سراج الدین نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ان کی فیکٹری ہر قسم کے پائپ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے جس میں معیار کو سامنے رکھا جاتا ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -