لاہور:سیشن کورٹ کے احاطے میں فائرنگ،2 وکیل جاں بحق
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سیشن کورٹ لاہور کے احاطے میں فائرنگ سے 2 وکیل جاں بحق ہو گئے،پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سیشن کورٹ میں وکیل کے یونیفارم میں ملبوس شخص نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 وکیل جاں بحق ہو گئے،جاں بحق ہونے والے ایک وکیل کی شناخت رانا ندیم کے نام سے ہوئی ہے،فائرنگ کے بعد سیشن کورٹ میں بھگڈر مچ گئی اورسیشن کورٹ کے تمام دروازے بند کردیئے گئے،پولیس نے فائرنگ کرنے والے شخص کاشف راجپوت کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم اور جاں بحق وکیل رانا ندیم کزن تھے ،وکلامیں پراپرٹی کے تنازع پرفائرنگ ہوئی۔
سیشن جج عابدحسین قریشی نے سیشن کورٹ میں فائرنگ کانوٹس لے لیا اورڈی آئی جی آپریشنزسے رپورٹ طلب کرلی،سیشن جج نے کہا ہے کہ بتایاجائے سیکیورٹی کے باوجوداسلحہ اندرکیسے آیا؟۔
صدر لاہور بار ایسوسی ایشن ملک ارشد نے کہا ہے کہ سیشن کورٹ میں فائرنگ افسوسناک ہے،پہلے فائرنگ کرنے والے ملزمان کوبھی عدالت پیش نہیں کیاگیا،انہوں نے کہاکہ وکلااور ججز کوتحفظ حاصل نہیں،آج کاواقعہ بھی ناقص سیکیورٹی کے باعث پیش آیا۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی سیشن کورٹ میں فائرنگ کاواقعہ ہوچکاہے،مخالفین کی فائرنگ سے قتل کاملزم اورہیڈکانسٹیبل جاں بحق ہوگئے تھے۔