ڈیرہ غازی خان میں رینجرز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ،کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد مارے گئے
ڈیرہ غازی خان(ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈیرہ غازی خان میں مشتبہ دہشت گردوں اور رینجرز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 فرار ہوگئے ہیں،ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا ،سیکیورٹی اداروں نے فرار ہونے والے مشتبہ دہشت گردوں کی تلاش کے لئے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دی ہیں ,ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی اہلکاروں کے اغوا اور قتل میں ملوث تھے ۔
نجی ٹی وی چینل ’’اب تک نیوز‘‘ کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ سخی سرور روڈ پر پیش آیا، جہاں موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد فورٹ منرو کی طرف جا رہے تھے کہ اس دوران گشت پر مامور رینجرز کے روکنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔رینجرز کی جانب سے بھرپور جوابی کے نتیجے میں دو مشتبہ دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، مرنے والے دہشت گردوں کی لاشیں قریبی ہسپتال منتقل کردی گئیں ہیں جہاں شناخت کا عمل جاری ہے۔رینجرز ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے ایس ایم جی ،ایک تیس بور پستول بھی برآمد ہوا ہے جبکہ فرار ہونے والے مشتبہ دہشت گردوں کی تلاش کے لئے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔دوسری طرف پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں کے اغوا اور قتل میں ملوث 2 دہشت گردوں کو ہلاک گیا،ترجمان کے مطابق پنجاب رینجرز نے آپریشن خفیہ اطلاع ملنے پر کیا،رے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔