’میں بور ہورہا ہوں‘ دوران پرواز پائلٹ نے ہوا میں لکھ دیا، مگر کیسے؟ ہنگامہ برپاہوگیا
کنبرا(مانیٹرنگ ڈیسک) بوریت تو کسی کو کہیں بھی ہو سکتی ہے، حتیٰ کہ کوئی پائلٹ جہاز اڑاتے ہوئے بھی بور ہو سکتا ہے مگر آج تک کسی پائلٹ نے دوران پرواز بوریت محسوس ہونے پر ایسا حیران کن کام نہیں کیا ہو گا جو اس آسٹریلوی پائلٹ نے کر ڈالا۔ میل آن لائن کے مطابق یہ پائلٹ فلائٹ ٹریننگ ایڈلیڈ میں نوکری کرتا ہے اور نئے لوگوں کو طیارہ اڑانا سکھا تا ہے۔ گزشتہ دنوں ایک چھوٹے طیارے میں نیا انجن نصب کیا گیا اور اس پائلٹ کو اس کی آزمائش کرنے کو کہا گیا۔
اس پائلٹ نے انجن کی آزمائش کے لیے ساﺅتھ آسٹریلیا کے پیرافیلڈ ایئرپورٹ سے پرواز بھری اور دو گھنٹے کی پرواز کے بعد واپس ایئرپورٹ پر آ گیا لیکن اس سفر میں اسے جو بوریت ہوئی وہ اس نے ایک حیران کن طریقے سے ہوا میں تحریر کر دی۔ اس نے جہاز کو اس انداز میں اڑایا کہ ریڈار پر جہاز کے راستے کی بننے والی لکیر میں ’I M BORED‘ کے الفاظ بن گئے۔ یوں اس پائلٹ نے جہاز کی اڑان کے ذریعے ہوا میں اپنے من کی بات تحریر کر دی۔ جب اس جہاز کی پرواز کے راستے پر مبنی ریڈار سکرین کا سکرین شاٹ سوشل میڈیا پر پوسٹ کیاگیا تو ایک ہنگامہ برپا ہو گیا۔ فلائٹ ٹریننگ ایڈلینڈ کے ڈائریکٹر پائن پینار کا کہنا تھا کہ ”پائلٹ کی یہ حرکت نظرانداز نہیں کی گئی اور ہم اس حوالے سے لازمی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔“