ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع،سردی کی شدت میں اضافے کا امکان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے،مغربی ہواؤں کا سلسلہ بالائی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے، پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخواہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل برسیں گے۔
محکمہ موسمیا ت کے مطابق ملک میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہوا ہے جس کے بعد سے ملک کے کئی علاقوں میں بادل برسیں گے۔بتایا گیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں بالائی علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ مغربی ہواؤں کے اس سلسلے کے باعث اسلام آباد، لاہور،شیخوپورہ، گجرات،،منڈی بہاؤالدین سیالکوٹ، جہلم، میانوالی،سرگودھا،خوشاب، مانسہرہ، ایبٹ آباد،پشاور،مردان،کوہاٹ، چارسدہ، سوات، دیر،چترال، کوہستان، گلگلت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش ہوگی۔مزید بتایا گیا ہے کہ گرج چمک آندھی کے ساتھ بارش کے علاوہ ملک کے پہاڑی علاقوں پر برف باری کا امکان بھی ہے۔