حکومت آزاد انہ سرمایہ کاری پالیسی اور کاروبار ی آسانیوں کی فراہمی کیلئے پرعزم: وزیراعظم
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں مواصلات اور توانائی میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع ہیں، حکومت بھی آزادانہ سرمایہ کاری کی پالیسی کے ساتھ کاروبار میں آسانیاں فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے، بین الاقوامی اداروں نے کاروبار میں آسانی کے لیے حکومتی اقدامات کو تسلیم کیا ہے، ہم نے نوجوانوں کو معاشی ترقی کا حصہ بنانے کے لیے ڈیجیٹل پاکستان منصوبہ بھی شروع کیا، ڈیجیٹل پالیسی کے تحت پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کا حجم 20 ارب ڈالر تک لے جائیں گے، آئی ٹی کے ماہر نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم فراہم کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے نجی سیلولر کمپنی وی آن اور جاز کے چیف آپریٹنگ آفیسر سرجی ہریرو نے ملاقات کی، جس میں چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ اور سربراہ ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس بھی موجود تھیں، وزیر اعظم نے پاکستان کے ساتھ سیلولر کمپنی کی طویل وابستگی کو سراہا۔کمپنی کے سی او او سرجی ہریرو نے ٹیلی کام کمپنیوں کو مساوی اور شفاف ماحول فراہم کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ جاز پاکستان نے انٹرنیٹ سب کے لئے مہم کا آغاز کیا ہے، سوشل میڈیا، جاز کیش اور سیٹیزن پورٹل کے استعمال کے لیے سستے ٹیرف فراہم کیے گئے ہیں، سروس کی فراہمی سے شہریوں کو چھوٹے اور درمیانے درجے کی معاشی سرگرمیاں جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔سرجی ہریرو نے جعلی خبروں کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے حکومتی اقدامات کی بھی تعریف کی، اور کہا غیر یقینی صورت حال اور خوف پیدا کرنے والی جعلی خبریں سرمایہ کاری کیلئے نقصان دہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی پاکستان میں 9 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کر رہی ہے، اور اب تک 60 ملین صارفین کو خدمات فراہم کر چکی ہے۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے برطانوی پارلیمینٹ کے آل پارٹیز پارلیمانی کشمیر گروپ کے ممبران نے برطانوی رکن پارلیمنٹ ڈیبی ابراہمز کی قیادت میں ملاقات کی،جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیر اعظم نے برطانوی پارلیمانی وفد کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پانچ اگست کے بھارتی غیر قانونی غیر انسانی اقدام کے بعد سے اب تک کشمیر عوام کرفیومیں ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی برادری کردار ادا کرے، ملاقات میں وزیر کشمیر امور اور سیکرٹری خارجہ بھی شریک تھے۔
وزیراعظم عمران خان