شوبازی کا دور گزر چکا، اب صرف کام ہوتا ہے،گوجرانوالہ ڈویژن کے ارکان اسمبلی سے گفتگو،ترقیاتی سکیموں کا جائزہ

  شوبازی کا دور گزر چکا، اب صرف کام ہوتا ہے،گوجرانوالہ ڈویژن کے ارکان اسمبلی ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے صوبے میں ہر طرح کے مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو لوٹنے والے مافیازکسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ماضی میں ذاتی نمائش کیلئے منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے،شوبازی کا دور گزر چکا، اب صرف کام ہوتا ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کی حقیقی خوشحالی کیلئے سماجی شعبوں کی ترقی پر فوکس کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ ڈویژن کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، نارووال اور سیالکوٹ کے اضلاع میں جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ اورآئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹس شامل کرنے کی تجاویز پر غورکیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے ہدایات دیں۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں اور نئی سکیموں کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے کوآرڈینیشن کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔صوبے میں ماڈل تھانوں کی تعداد بڑھائی جائے گی۔منتخب نمائندوں کی ترجیحات کے مطابق ان کے حلقوں میں ترقیاتی کام ہوں گے۔ترقیاتی فنڈز کی تقسیم میں انصاف ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزارت اعلی صرف عہدہ نہیں بلکہ بہت بڑی ذمہ داری ہے جبکہ عوام کی خدمت مشن اور اوڑھنا بچھونا ہے۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے محکمہ پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئر میں کرونا وائرس کی مانیٹرنگ کیلئے قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کنٹرول روم میں کرونا وائرس کی مانیٹرنگ کے نظام کا معائنہ اور سرویلنس اینڈ مانیٹرنگ سینٹر میں ہسپتالوں کی آن لائن مانیٹرنگ کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔سیکرٹری پرائمری وسکینڈری ہیلتھ کیئرکیپٹن (ر) محمد عثمان نے کنٹرول روم اورکرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سینئر صحافی فصیح الرحمن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -