امریکی صدر ٹرمپ کے سابق انتخابی مشیر راجر سٹون کو آج سزا سنائی جائیگی

  امریکی صدر ٹرمپ کے سابق انتخابی مشیر راجر سٹون کو آج سزا سنائی جائیگی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن(اظہر زمان،بیوروچیف) واشنگٹن ڈی سی میں متعین وفاقی ڈسٹرکٹ خاتون جج ایمی جیکسن طے شدہ تاریخ کے مطابق آج جمعرات کے روز صدر ٹرمپ کے سابق انتخابی مشیر راجر سٹون کو سزا سنائیں گے۔ انہوں نے مقدمے کو ملتوی کرنے یا نیا مقدمہ شروع کرنے کے سلسلے میں صدر ٹرمپ اور محکمہ انصاف کا دباؤ قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ قبل از یں وفاقی ججوں کی انجمن نے ایک ہنگامی اجلاس میں مقدمات میں ٹرمپ انتظامیہ کی مداخلت پر شدید احتجاج کیا تھا اور عہد کیا تھا کہ اس سلسلے میں کوئی دباؤ قبول نہیں کیا جائیگا۔ وفا قی جج نے کہا ہے کہ سزا بہرحال آج جمعرات کو ہی سنائی جائیگی تاہم اس پر عملدرآمد تاخیر سے ہو سکتا ہے۔ 2016ء کے صدارتی انتخاب میں ٹرمپ انتخابی ٹیم کی روس سے ملی بھگت کی تحقیقات کرنیوالے خصوصی تفتیش کار رابرٹ میولر نے مختلف افراد پر الزامات لگائے تھے جن میں راجر سٹون بھی شامل تھے جنہیں ان کی سفارش پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔ وفاقی جج قبل ازیں راجر سٹون پر سات نکاتی فرد جرم عائد کر چکی ہیں جن میں صدر ٹرمپ کو بچانے کیلئے جھوٹی شہادتیں دنیا اور کانگریس کی انٹیلی جنس کمیٹی کی تفتیش میں رکاوٹ ڈالنا شامل تھا۔ صدر ٹرمپ نے اٹارٹی جنرل اور محکمہ انصاف کے ذریعے سرکاری استغاثے میں تبدیلی کراتے ہوئے وفاقی جج پر دباؤ ڈالا کہ وہ مقدمے میں سزا سنانے کے فیصلے کو التواء میں ڈال دیں اور نیا مقدمہ شروع کریں تاکہ سزا میں کمی ہو سکے۔ صدر ٹرمپ نے ایک تازہ ٹویٹ میں اپنے دیرینہ ساتھی راجر سٹون کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کو مجرم قرار دینے کا مقدمہ فوری طور پر خارج ہونا چاہئے۔ استغاثہ نے آغاز میں سخت سزا کی سفارش کی تھی جو جرائم کے اعتبار سے سات سے نو سال تک ہو سکتی تھی۔ تاہم اب محکمہ انصاف پر گرفت مضبوط کرتے ہوئے صدر ٹرمپ سابقہ استغاثہ کو نرم کرانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
راجر سٹون سزاء

مزید :

صفحہ اول -