جمہوریت کے قیام و استحکام میں صحافیوں کا کردار اہم ہے،گورنرسندھ

  جمہوریت کے قیام و استحکام میں صحافیوں کا کردار اہم ہے،گورنرسندھ

  

کراچی (این این آئی) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ جمہوریت کے قیام، تسلسل اور استحکام میں صحافی برادری کا کردار اہم ہے، ہمیشہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کے ساتھ صحافی برادری کو کھڑے دیکھا جو کہ قابل ستائش ہے، معاشرہ سے برائیوں کے خاتمہ اور فلاحی معاشرہ کی تشکیل میں صحافیوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے۔ گزشتہ روزیہاں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے ”پاکستان میں صحافیوں کے کام کے ماحول“کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ کسی بھی معاشرہ میں صحافی حکومت کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں جو معاشرے کی برائیوں، ظلم و ستم، نا انصافی، جبر و استبداد، اختیارات کے غلط استعمال اور دیگر معاشرتی برائیوں کو اجاگرکرتے ہیں جس سے حکومت کو اس برائی کے خاتمہ اور عوامی فلاح وبہبود کے لئے موئثر اقدامات اٹھانے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیاسے صحافیوں اور دیگر عملہ کو نکالا جاناافسوسناک ہے۔ پروگرام میں صحافی تنظیموں کے عہدیداروں نے گورنرسندھ سے سفارشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت میڈیا سنگین مسائل سے دوچار ہے اس ضمن میں چند اقدامات انتہائی ناگزیر ہو چکے ہیں جن میں نوکری کے تحفظ کے لئے انڈسٹریل ریلیشن آرڈیننس، سرکاری اشتہارات کی بروقت ادائیگی کے ساتھ ساتھ پسند اور ناپسند کی پالیسی کا خاتمہ، ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنائے۔

گورنرسندھ

مزید :

صفحہ آخر -