پانی ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیمو کی تعمیر ضروری ہے: ڈاکٹر عارف علوی

        پانی ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیمو کی تعمیر ضروری ہے: ڈاکٹر عارف علوی

  

کوئٹہ(این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بلوچستان امن کی دھرتی ہے یہاں کے لوگ محب وطن ہیں، سبی ایک تاریخی شہر ہے مجھے فخر ہے کہ میں آج بحیثیت صدر پاکستان سبی تاریخی میلے کا افتتاح کررہا ہوں یہ وہ تاریخی میلہ ہے جس کے تقریبات میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح بھی شرکت کیا کرتے تھے۔ یہ بات صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سبی کے تاریخی میلہ 2020ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور ساحل بھی ہے یہاں کاروبار کے مواقع بھی سب سے زیادہ ہیں جنہیں بروئے کار لانے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ماضی کی غلطیوں کو دور کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈو رسے پاکستان ترقی کرے گا اور اس کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو پہنچے گا۔ اس موقع پر صدرمملکت نے گزشتہ دنوں کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور شہداء اور ان کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ محکمہ لائیواسٹاک اور زراعت کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے ان دو شعبوں کی فعالیت سے غربت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ لائیواسٹاک کا شعبہ سنت نبوی بھی ہے۔ وفاقی حکومت ان شعبوں میں صوبائی حکومت کی ہرممکن معاونت کرے گی۔صدرمملکت نے کہا کہ پچھلے سالوں میں بلوچستان میں پانی کا بہت مسئلہ درپیش تھا لیکن اللہ کی فضل سے اس سال ملک بھر سمیت بلوچستان میں بارشیں ہوئی ہیں یہاں پانی کا مسئلہ کافی حد تک حل ہوا تاہم اب بھی مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ پانی ذخیرہ کرنے کے لئے چھوٹے بڑے ڈیموں کی تعمیر کی ضرورت ہے اس سلسلے میں حکومت بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ مستقبل میں پانی کے مسائل نہ ہوں۔ صدرمملکت نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی درخواست پر جعفرآباد سبی تا کوئٹہ دو رویہ روڈ کی تعمیر کے منصوبے کو وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ڈاکٹرعارف علوی

مزید :

صفحہ آخر -