بجلی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ظلم ہے، تاجر رہنما

  بجلی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ظلم ہے، تاجر رہنما

  

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبہ کے لئے آئی ایم ایف کا " فل کاسٹ ریکوری" کا فارمولا ملکی معیشت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ ملک میں بجلی کی پیداوارکے تمام اخراجات ایمانداری سے بروقت بل ادا کرنے والے صارفین سے وصول کئے جائیں جبکہ، لائن لاسز، بجلی چوری، بد انتظامی اور کرپشن کا ملبہ بھی انہی پر ڈالا جائے جو کاروباری اور اخلاقی اصول کی خلاف ورزی ہے۔

اور عوام کا استحصال ہے۔شاہد رشید بٹ نے کہا کہ صارفین خطے میں سب سے مہنگی بجلی استعمال کرنے پر مجبور ہیں جس نے انکی کمر توڑ ڈالی ہے۔ اب آئی ایم ایف کے حکم پر بجلی کی قیمت میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے جو پیداواری شعبہ کو معذور کرنے کے مترادف ہے۔ بجلی اور گیس کی قیمت میں مسلسل اضافہ سے مہنگائی بھی مسلسل بڑھے گی۔انھوں نے کہا کہ بجلی کی پیداواری لاگت میں ہوشربااضافہ سے صارفین کا کوئی تعلق نہیں اور عوام کو بجلی چوروں اوراہلکاروں کی کرپشن کی سزا دینا ظلم ہے جس سے بدعنوان عناصر کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ دنیا میں سستی ترین بجلی پیدا کرنے والے ملک کا یہ حال ان سیاستدانوں، بیورووکریٹس اور بڑے بزنس گروپس نے کیا ہے جنھوں نے اپنے مفادات کے لئے ملک کے توانائی کے شعبہ سے ایسا کھلواڑ کیا جو دنیا میں کہیں نہیں کیا گیا۔

مزید :

کامرس -