آئی سی سی کاٹی 20چیمپئنز کپ اور ون ڈے چیمپئنز کپ متعارف کروانے کا فیصلہ

آئی سی سی کاٹی 20چیمپئنز کپ اور ون ڈے چیمپئنز کپ متعارف کروانے کا فیصلہ

  

دبئی(آئی این پی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئے ایونٹس ٹی 20چیمپئنز کپ اورون ڈے چیمپئنز کپ منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ٹی 20چیمپئنز کپ ہر 4 سال بعد 48میچز کا ایونٹ ہوگا،جس میں ٹاپ 10 ٹیمیں شرکت کرینگی جبکہ ون ڈے چیمپئنز کپ 2025اور 2029میں منعقد ہوں گے،جس میں صرف 6ٹاپ ٹیموں کے درمیان 16میچز ہوں گے۔ ویب سائٹ کرک انفو پر سامنے آنے والی تفصیلات میں انکشاف کیا گیاکہ ٹی 20چیمپئنز کپ 2024اور 2028میں منعقد کیا جائے گا، ون ڈے چیمپئنز کپ 2025اور 2029میں منعقد ہوں گے۔ ان کے ساتھ ٹی 20 ورلڈ کپ کا 2026اور 2030میں انعقاد ہوگا،ون ڈے ورلڈ کپ 2027اور 2031میں منعقد کیے جائیں گے۔ون ڈے چیمپئنز کپ دراصل سابقہ چیمپئنز ٹرافی کی طرز پر کھیلا جائے گا جس میں صرف 6ٹاپ ٹیموں کے درمیان 16میچز ہوں گے،ٹی 20 چیمپئنز کپ میں ٹاپ 10ٹیموں کے درمیان 48میچز کھلانے کا ارادہ ہے جو گذشتہ ایک روزہ ورلڈ کپ کے میچز کے برابر ہیں۔ممبر ممالک کو ہدایت کی گئی کہ2023سے 2031کے دوران شیڈول ان ایونٹس میں سے کسی کی میزبانی میں دلچسپی رکھتے ہوں تو 15 مارچ سے پہلے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا جائے۔یاد رہے کہ آئی سی سی اور اس کے چیف ایگزیکٹیو مانو ساہنی پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ گورننگ باڈی کو سال میں کم سے کم ایک عالمی ایونٹ کا انعقاد ضرور کرنا چاہیے۔ اسی طرح اگلے دورانیے میں 2025، 2027، 2029اور 2031میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنلز بھی ہوں گے۔ سفید بال کے دونوں فارمیٹس ورلڈ کپ کے علاوہ ویمنز چیمپئنز کپ بھی منعقد کیے جائیں گے تاہم ان میں ٹیموں اور میچز کی تعداد کم ہوگی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -