کرپشن الزامات، اسرائیلی وزیراعظم کا ٹرائل 17مارچ سے شروع

  کرپشن الزامات، اسرائیلی وزیراعظم کا ٹرائل 17مارچ سے شروع

  

تل ابیب(آئی این پی)اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف کرپشن کے الزامات پر ٹرائل 17 مارچ سے شروع ہوگا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی عدالت نے وزیراعظم نیتن یاہو پر عائد کرپشن کے الزامات کا ٹرائل ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے 2ہفتے بعد 17مارچ سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔اسرائیلی عدالت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کیس کی ابتدائی سماعت میں وزیراعظم نیتن یاہو پیش ہوسکتے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو پر رشوت، دھوکا دہی اور ارب پتی دوستوں سے فوائد لینے کے الزامات ہیں جب کہ عدالت ان پر فرد جرم بھی عائد کرچکی ہے تاہم نیتن یاہو نے اپنے اوپر عائد تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔اسرائیلی قوانین کے مطابق موجودہ وزیراعظم کی نااہلی کے لیے کسی بھی جرم میں ایک مرتبہ سزا مطلوب ہوتی ہے جس کے بعد اپیل کے تمام راستے بند ہوجاتے ہیں۔دوسری جانب اسرائیل میں ایک سال کے دوران تیسری مرتبہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات 2مارچ کو ہوں گے، اس سے قبل دو مرتبہ ہونے والے انتخابات کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا۔

اسرائیلی سیاست میں قدم رکھنے والے اسرائیلی فوج کے سابق چیف اور بلیو اینڈ وائٹ پارٹی کے سربراہ بینی گینٹز کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو نے اپنی انتخابی مہم میں کرپشن کے الزامات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی، بطور وزیراعظم قانونی کارروائی کا سامنے کرتے ہوئے نیتن یاہو وزیراعظم رہنے کے اہل نہیں ہیں۔

مزید :

علاقائی -