ذخیرہ اندوزوں کی روک تھام کیلئے افسران فیلڈ میں نکلیں،اعظم سلیمان

ذخیرہ اندوزوں کی روک تھام کیلئے افسران فیلڈ میں نکلیں،اعظم سلیمان

  

لاہور (نیوز رپورٹر)صوبے بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے،قیمتوں کو کنٹرول، ملاوٹ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لئے تمام انتظامی افسران کو خود فیلڈ میں آنا ہو گا اور اس سلسلے میں کسی کوتاہی اور لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں اور نہ ہی اسے برداشت کیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری پنجاب میجر(ر) اعظم سلیمان خان نے ان خیالا ت اظہار سول سیکرٹریٹ میں ایک اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کو ریلیف کی فراہمی تمام افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے افسروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈسٹرکٹ پرائس مجسٹریٹس کے ساتھ روزانہ کی بنیادوں پر میٹنگ کریں اوراپنے اپنے علاقوں میں تحصیل لیول پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کریں تاکہ اشیاء کی قیمتوں کے یکساں نفاذکویقینی بنایا جا سکے۔چیف سیکرٹری پنجاب نے مزید کہا کہ اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کرنے والے مافیاز کے خلافآہنی ہاتھوں سے نمٹیں اور اس سلسلے میں کسی سے کوئی رعایت نہ کی جائے کیونکہ عوام کو خالص اشیاء کی فراہمی ہماری اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ساتھ باقی تمام متعلقہ محکمے اور ایجنسیاں ملک کر کام کریں۔صوبے میں سرکاری سرپرستی میں اشیائے خوردونوش کو سٹور کرنے کے لئے نئے گوداموں کی تعمیر کا جائزہ لیا گیا جس پر چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ اس مقصد کے لئے تقریبا4ہزار مقامات کی نشاندہی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی سمگلنگ کی روک تھام کے سلسلے میں محکمہ داخلہ کوہدایت جاری کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ تمام متعلقہ ایجنسیز کے تعاون سے اس کی روک تھام کو یقینی بنائیں اورتمام ڈویژنل کمشنرز کسٹم حکام سے مستقل رابطے میں رہیں۔چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام انتظامی سیکرٹریز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مختلف محکموں کی خالی آسامیوں کی بھرتی میں کامیاب امیدواروں کی لسٹیں متعلقہ محکمے اپنے نوٹس بورڈ پر آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کریں اور میڈیاکے ذریعے ویب سائٹ اور نوٹس بورڈزکے بارے میں بھی یہ اطلاع شیئر کی جائیں تاکہ کامیاب امیدوار ان دونوں ذرائع سے اپنی کامیابی بارے انفارمیشن حاصل کر سکیں۔ میٹرک کے امتحانات کے انعقاد کے لئے تمام متعلقہ انتظامی افسر اپنااپنا موثر کردار ادا کریں تاکہ امتحانات کے دوران طلبہ کو بہترین ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں حالیہ دنوں کراچی میں گیس لیکیچ کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کے پیش نظر صوبے بھر میں حفاظتی اقدامات کے طور پرتمام متعلقہ محکموں کو اپنے سٹاکس کی چیکنگ کا حکم بھی جاری کیا گیا۔اجلاس میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے فیلڈ افسروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے چیف سیکرٹری نے انتظامی افسران کو ان کوششوں کو جاری رکھنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔چیف سیکرٹری نے تمام کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ کھاد اور بیجوں کی قیمتوں کو بھی مانیٹرکریں اور ان کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ کسانوں کو ریلیف فراہم ہو سکے۔چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام انتظامی افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کے احترام کے پیش نظر کسی بھی کیس میں طلبی کی صورت میں متعلقہ انتظامی افسران اپنی حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ عوامی ریلیف کے معاملے پرعدلیہ کی معاونت کی جا سکے۔اجلاس میں مختلف محکموں کے زیرالتواء پنشن کیسز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا جس پر چیف سیکرٹری نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی محکمے میں 6ماہ کے عرصے سے زائد زیر التواء پنشن کیسز کو نہ نمٹانے کی صورت میں متعلقہ محکموں کے انتظامی افسروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد ریٹائرڈ ہونے والے افسران اور اہلکاران کی فیملیز کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -