مریضوں کو انفیکشن سے بچنے کی آگاہی دی جائے،الفرید ظفر

مریضوں کو انفیکشن سے بچنے کی آگاہی دی جائے،الفرید ظفر

  

لاہور(جنرل رپورٹر)جنرل ہسپتال میں مریضوں کو انفیکشن سے پاک ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے مختلف سرگرمیوں پر مبنی خصوصی ہفتہ منایا جا رہا ہے ۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے ڈاکٹروں نرسز و پیرا میڈیکل سٹاف کو ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو انفیکشن سے بچاؤ کے لئے طے شدہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر نرسز و پیرا میڈیکس موجود تھے۔ سی ایس ایس ڈی کی سربراہ ڈاکٹر لیلہ شفیق، پرنسپل نرسنگ کالج کوثر تسنیم اور ڈپٹی نرسنگ سپرٹینڈنٹ رقیہ بانو نے کہا کہ میڈیکل سٹاف کے علاوہ ہسپتال میں آنے والے مریض اور اُن کے لواحقین کو ا بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے جگہ جگہ کوڑا کرکٹ، گندگی پھیلانے اور تھوکنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔ خالدہ تبسم اور رانا پرویز کا کہنا تھا کہ انفیکشن فری لوگو نہ صرف جنرل ہسپتال کا نام بلند کرے گا بلکہ مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایل جی ایچ ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے منائے جانے والے اس ہفتے کے اہم خدوخال پر روشنی ڈالی۔انہوں نے بتایا کہ ہر شعبے میں صفائی اور انفیکشن فری سپرے کا خصوصی بندوبست کیا گیا ہے تاکہ بیڈشیٹ،طبی آلات کی کٹ اور دیگر اشیاء کو جراثیم سے پاک رکھا جا سکے۔انہوں نے جنرل ہسپتال میں منائے جانے والے اس ہفتے کو مریضوں کے لئے خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں،نرسو ں اور پیرا میڈیکل سٹاف کا صرف اور صرف ایک نصب العین ہونا چاہیے کہ ہم سب نے مل کر مریضوں و بیماروں کو انفیکشن سے بچا کر جلد سے جلد صحت یاب کرنا ہے۔انفیکشن سے بچاؤ کے اس ہفتے کے کورس ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد عرفان ملک اور ڈاکٹر آمنہ آصف نے بھی اس موقع پر گفتگو کی اور بتایا کہ انفیکشن پری وینشن ویک کی ورکشاپ کا انعقاد انتہائی مفید رہا ہے جس میں مختلف ڈاکٹرز نے انفیکشن سے بچاؤ کے لئے آگاہی لیکچرز دیے ہیں۔ورکشاپ میں سوال جواب کا سیشن بھی ہوا۔ اختتام پر شرکاء میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -