پیپلز پارٹی انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ہے، جام اکرام دھاریجو

  پیپلز پارٹی انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ہے، جام اکرام دھاریجو

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر صنعت و تجارت اور کوآپریٹو محکمہ اور انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے پر یقین نہیں رکھتی، ہم منصفانہ انصاف پر یقین رکھتے ہیں۔ سندھ میں ہم محکموں میں بدعنوانی کے خاتمے کو یقینی بنارہے ہیں اور امید ہے کہ سندھ اینٹی کرپشن بدعنوان عناصر کی سرگرمیوں پر نظر رکھے گی اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔ یہ بات انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر اے سی ای ساوتھ زون کے دفتر میں شکایت سیل / ہیلپ لائن 1414 کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر چیئرمین اینٹی کرپشن محمد وسیم احمد، ڈائریکٹر سہیل بلوچ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مذکورہ شکایت سیل / ہیلپ لائن چوبیس گھنٹے فعال رہے گا۔ اور بتدریج اس ہیلپ لائن کا دائرہ سندھ کے دیگر حصوں تک پھیلا یا جائے گا اور اس کی ماہانہ بنیادوں پر رپورٹ پیش کی جائے گی۔ صوبائی وزیر برائے انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ ہم مسائل کو حل کرنے اور بدعنوانی سے پاک معاشرہ یقینی بنانے کے لئے ایک طریقہ کار وضع کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت محترمہ بینظیر بھٹو کے نام سے خوفزدہ ہے، تحریک انصاف ان کا نام بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے خارج کرنا چاہتی ہے، لیکن ان کا نام عوام کے دلوں میں ہمیشہ قائم رہے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کسی بھی بدعنوان اہلکار کو بخشا نہیں جائے گا۔ کرپٹ عناصر کے خلاف تمام انکوائریز مقررہ وقت پر مکمل کی جائیں گی۔جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ سندھ کے عوام کو حکومت سندھ پر اعتماد کرنا چاہئے، کیونکہ ہم ان کو ریلیف دینے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ ہر سطح پر عوام کے مفادات کا تحفظ کرے گی اور عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -