پاک بھارت میچز کی بحالی، شعیب اختر میدان میں آگئے، کرکٹ کے دیوانوں کے دل کی بات کردی

پاک بھارت میچز کی بحالی، شعیب اختر میدان میں آگئے، کرکٹ کے دیوانوں کے دل کی ...
پاک بھارت میچز کی بحالی، شعیب اختر میدان میں آگئے، کرکٹ کے دیوانوں کے دل کی بات کردی

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق فاسٹ باولر اور لاکھوں افراد کے پسندیدہ کھلاڑی شعیب اختر پاک بھارت سیریز کی بحالی کیلئے میدان میں آگئے۔کرکٹ کے دیوانوں کے دل کی بات کرتے ہوئے دونوں ممالک کو کسی غیرجانبدار جگہ پر سیریز کھیلنے کی تجویز دے دی۔

اپنے یوٹیوب چینل پر بات چیت کرتے ہوئے سابق فاسٹ باولر نے کہا کہ’ہم ڈیوس کپ کھیل سکتے ہیں، کبڈی کھیل سکتے ہیں تو پھر کرکٹ کھیلنے میں کیا مسئلہ ہے؟ انہوں نے کہا ’مان لیا کہ بھارت پاکستان نہیں آسکتا، پاکستان بھارت نہیں جاسکتا تو ہم ایشیا کپ اور چیمپئن ٹرافی کی طرح پاک بھارت سیریز کسی غیر جانبدار مقام پر کیوں نہیں کھیل لیتے؟شعیب اختر نے کہا کہ ’ہم دنیا کی بہترین میزبان قوم میں سے ایک ہیں جس کا بھارت کو بھی علم ہے۔ وریندر سہواگ ہوں ساروگنگولی یا پھر سچن ٹنڈولکر ہم ان سب سے پیار کرتے ہیں۔ہمارے اختلافات کی وجہ سے کرکٹ کو متاثرنہیں ہونا چاہئے۔امید ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز جلد ہوگی یہ ان دونوں کیلئے بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا’پاکستان سفر کیلئے انتہائی محفوظ ملک ہے، بھارت کی کبڈی ٹیم یہاں آئی ، بنگلہ دیش کی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے آئی انہیں یہاں بے پناہ پیار ملالیکن اس کے باوجود اگر کوئی تحفظات ہیں تو پھر نیوٹرل مقام پر بھی میچ کھیلے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا’ تعلقات ختم کرنے ہیں تو پھر پوری طرح کریں، تجارت اورکبڈی بھی بند کردیں۔ صرف کرکٹ پر ہی پابندی کیوں؟جب بھی کرکٹ کی بات آتی ہے ہمیں سیاست یاد آجاتی ہے۔یہ انتہائی مایوس کن ہے، ہم پیاز ٹماٹر کا تبادلہ کرسکتے ہیں تو کرکٹ کیوں نہیں کھیل سکتے؟

انہوں نے کہا سیریز نہ صرف کرکٹ کیلئے بلکہ دونوں ممالک کی تجارت کیلئے بھی بہتر ثابت ہوسکتی ہے۔دونوں کو کھیلنا چاہئے کیونکہ اس سے زرمبادلہ ملتا ہے مداحوں کو آنے جانے کا موقع ملتا ہے۔انہوں نے کہا’ وہ ہرشخص سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ آگے آئے اور سیریز کو یقینی بنانے کیلئے کردار اداکرے۔

مزید : کھیل