مسافروں کی ہوائی جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش لیکن پھر پائلٹ طیارے کوکہاں لے کرچلا گیا؟
نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)نئی دہلی سے جدہ جانے والی ایک پرواز میں حیران کن واقعہ پیش آیا ہے جس میں سوا رکچھ مسافروں نے طیارے کے ٹیکسی کرتے ہی ڈرامہ رچادیا اورجہاز کادروازہ کھولنے کی کوشش کردی۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق دہلی سے جدہ جانے والی پرواز میں موجود دو مسافروں نے طیارے کے ٹیکسی کرتے ہی دروازہ کھولنے کی کوشش شروع کردی۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ ان کے دوساتھیوں کو بورڈنگ کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے طیارے پر سوار نہیں کیاگیاہے۔
ذرائع کے مطابق ایک سو دس لوگوں کا ایک گروپ دہلی سے جدہ کا سفر کررہا تھا تاہم ان میں سو دو اپنے بورڈنگ کارڈز گم کربیٹھے جس کی وجہ سے انڈی گو کی فلائٹ 6E1741نے انہیںطیارے میں سوار ہونے سے روک دیا۔جیسے ہی طیارے نے ٹیکسی کرنا شروع کیا گروپ لیڈر نے مطالبہ کیا کہ ایئرپورٹ پر رہ جانے والے دونوں مسافروں کو طیارے پر سوار کیاجائے ۔عملے نے انہیں سمجھانے کی کوشش مگروہ اور ان کے ساتھ موجود دیگر دو افراد برہم ہوگئے اورزبردستی طیارے کادروازہ کھولنے کی کوشش کرنے لگے جس پر پائلٹ نے طیارہ واپس موڑ لیا۔
اس واقعے کے بعد سکیورٹی حکام کو بھی طلب کرلیا گیااور طیارے میں موجود دومردوں اور تین خواتین کو بھی نیچے اتار دیا گیا۔انڈی گو ایئرلائن کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے مسافروں کے رویئے کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔مسافروں کیخلاف شکایت بھی درج کرادی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس مسئلے کی وجہ سے طیارے کی روانگی میں تین گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔