چوہدری پرویز الٰہی نے برطانوی شاہی جوڑے کے بارے ایسی بات کہہ دی کہ وزیر اعظم بھی خوش ہوجائیں گے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور چودھری سالک حسین ایم این اے سے گجرات سے تعلق رکھنے والی یوکے لیبر پارٹی کی پارلیمنٹرین یاسمین قریشی نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، اس موقع پر خدیجہ عمر ایم پی اے بھی موجود تھیں، ملاقات میں دوطرفہ رابطہ عوام مہم کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ برطانیہ اورپاکستان کے آپس میں بڑے گہرے سیاسی و ثقافتی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں برطانوی شاہی جوڑے نے امن سفیر کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور پاکستان کو پرامن ملک قرار دیتے ہوئے دنیا کو پاکستان کے مثبت چہرے سے روشناس کروایا اور سیر و سیاحت کے حوالے سے محفوظ ملک قرار دیا، اس کے علاوہ برطانیہ سے پاکستان کیلئے ڈائریکٹ فضائی سروس بھی شروع کر کے پاکستان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت آج کا پاکستان زیادہ محفوظ ہے، ہم سیر و سیاحت کے شوقین افراد کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور پاکستان کے قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوں۔ برطانوی پارلیمنٹرین یاسمین قریشی نے چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم برطانیہ میں پاکستان کا مثبت امیج پیش کرنے کیلئے مصروف عمل ہیں۔