مشاہد اللہ خان اور محمد علی سد پارہ کی رحلت

مشاہد اللہ خان اور محمد علی سد پارہ کی رحلت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مسلم لیگ(ن) کے رہنما، سینیٹر مشاہد اللہ خان کو اسلام آباد کے قبرستان میں سپردِخاک کر دیا گیا،ان کی نمازجنازہ میں چیئرمین سینیٹ کے علاوہ وزراء، سینیٹروں اور سیاسی رہنماؤں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، مشاہد اللہ کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد انتقال کرگئے تھے۔مشاہد اللہ خان پہلے ٹریڈ یونین  لیڈر تھے، پھر سیاست میں آئے،پارلیمینٹ میں اُن کا اندازِ تخاطب اور لب و لہجہ منفرد اہمیت کا حامل تھا وہ اپنی تقریر میں اساتذہ کے اشعار کا برمحل استعمال کرتے تھے۔ان کو ہزاروں شعر یاد تھے  وہ مسلم لیگ(ن) کے جوشیلے رہنما تھے اور ایوان میں رونق لگائے رکھتے تھے۔مسلم لیگ(ن) سے ان کی وابستگی بہت مضبوط تھی، جب سے سیاست میں قدم رکھا اسی جماعت کے ہو کر رہے۔یہ جماعت اقتدار میں رہی یا اقتدار سے باہر، انہوں نے اس کا دامن مضبوطی سے تھامے رکھا، وہ ”یک در گیر و محکم گیر“ کی روایت پر عمل پیرا تھے۔ حزبِ اختلاف میں مشکلات کا جواں مردی سے سامنا کیا اور گھبرا کر جماعت کو چھوڑنے اور کسی دوسری جماعت میں شمولیت کا تصور تک نہ کیا۔ جماعت کے قائدین کے ساتھ اُن کا ادب و احترام کا مستحکم رشتہ تھا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور اُن کی کوتاہیوں سے درگذر فرمائے۔ایک اور افسوس والی خبر یہ ہے کہ عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما محمد علی سد پارہ کی تلاش ناکام رہی اور اب ان کے صاحبزادے ساجد علی سد پارہ نے ان کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ قومی ہیرو اپنے دو غیر ملکی کوہ پیما ساتھیوں کے ساتھ سردی کے موسم میں کے ٹو کی سب سے اونچی چوٹی سر کرنے اور وہاں پاکستان کا قومی پرچم لہرانے میں کامیاب ہو گئے تھے، مہم جوئی میں کامیابی کے بعد واپسی میں ان کا رابطہ بیس کیمپ سے منقطع ہو گیا، جس کے بعد ان کی تلاش شروع ہوئی، پاک فوج نے اپنی سی کوشش کی لیکن اب تک  سراغ نہ ملا، اور اب ساجد علی سد پارہ کے بقول جس مقام پر ان کے والد کو حادثہ پیش آیا،وہاں اتنے دِنوں تک زندہ نہیں رہا جا سکتا، محمد علی سد پارہ اور ان کے دونوں ساتھی اب پہاڑوں کی برف میں مدفون ہو چکے، حکومت ان کے لئے اعزازات کے بارے میں غور کر رہی ہے۔ محمد علی سد پارہ نے بہت مہمات سر کیں، ان کو قومی ہیرو کا درجہ حاصل تھا اللہ رب العزت ان کی بھی مغفرت فرمائے، اور ان کے ساتھیوں کی آخرت بھی سنوار دے۔ 

مزید :

رائے -اداریہ -