خیبر پختونخوا میں 3279فرنٹ لائن ورکرز کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین دیدی گئی: تیمور جھگڑ ا
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبے میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 758 ورکرز کو ویکسین دی گئی۔ خیبرپختونخوا میں اب تک ویکسین لینے والے ورکرز کی مجموعی تعداد 3279 ہو گئی ہے۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں اب مجموعی طور پر طبی عملے کے 1713 اہلکاروں کو ویکسین دی گئی ہے۔ اسی طرح ضلع سوات میں اب تک 664، ایبٹ آباد میں 327 اور مردان میں 213 ہیلتھ ورکرز کو ویکسین دی گئی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں ضلع کوہاٹ کے 163، نوشہرہ کے 98 اور ڈیرہ اسماعیل خان کے 82 فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین دی جا چکی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ صحت کو فرنٹ لائن ورکرز کی ویکسینیشن کا عمل تیز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔