وہ حلقہ جہاں جماعت اسلامی نے معروف مذہبی جماعت سے بھی زیادہ ووٹ لیے
گوجرانوالہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) پی پی 51 وزیر آباد کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن فاتح بن کر سامنے آئی ہے جبکہ جماعت اسلامی پاکستان اس حلقے میں تیسرے نمبر پر رہی ہے۔
مذہبی سیاسی پارٹی جماعت اسلامی کے امیدوار ناصر محمود ولد چوہدری نذر محمد کلیر پی پی 51 میں ہونے والے کل کے ضمنی الیکشن میں چھ ہزار 632 ووٹ حاصل کرکے تیسرے نمبر پر رہے۔ ان کے مقابلے میں ایک اور مذہبی سیاسی جماعت ٹی ایل پی کے امیدوار کا نام بھی ناصر محمود ہی تھا۔ ناصر محمود ولد محمد اکبر جوندہ نے پی پی 51 میں پانچ ہزار 847 ووٹ حاصل کیے ۔
یہ نشست مسلم لیگ ن کی امیدوار طلعت محمود نے 53 ہزار 903 ووٹ لے کر جیتی ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار محمد یوسف 48 ہزار 484 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ 2018 میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران اس نشست پر مسلم لیگ ن کے شوکت منظور چیمہ 59 ہزار 267 ووٹ لے کر فاتح قرار پائے تھے ۔ تحریک انصاف کے محمد شبیر اکرم 27 ہزار 431 ووٹ لے کر دوسرے ، مذہبی سیاسی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کے محمد مشتاق بٹ 21 ہزار 79 ووٹ لے کر تیسرے اور ٹی ایل پی کے خرم مختار چیمہ آٹھ ہزار 536 ووٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے تھے۔

