ضمنی الیکشن حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ،عمران خان اب گھر جائیں: ناصرحسین شاہ
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیراطلاعات سندھ سید ناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں کے ضمنی انتخابات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)میں شامل جماعتوں کی واضح اکثریت حکومت کے خلاف عوامی ریفرینڈم ہے،حکمرانوں کی نااہلی نالائقی اوراقرباپروری نے عوام کاجینا عذاب بنادیا ہے،ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کی شکست خان صاحب کے لئے خاموش پیغام ہے کہ وہ اب گھرجائیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے شیرو دن بھرامن وامان کوخراب کرکے عوام کوپولنگ سٹیشن آنے سے روکتے رہے، صوبائی حکومتیں بھی یوتھیوں کے آگے بے بس نظرآئیں،سندھ میں پولیس بااختیاراور آزاد ہے، اگرکسی نے قانون شکنی کی ہے توبھگتے،ہم پی ٹی آئی کے کم ظرف حکمراں نہیں جو اداروں کواپنے ذاتی مقاصد کے لئے استعمال کریں،پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اداروں کااحترام کیا ہے اور اب پی ٹی آئی بھی اداروں کا احترام کرے،
سید ناصرحسین شاہ نے کہا کہ وفاق نے نیب اور دیگر اداروں کواپوزیشن کے خلاف استعمال کیا،خان صاحب اوراس کے حلیم عادل سیاستدان نہیں اداکار اور بد زبان زیادہ ہیں،حلیم عادل شیخ کی اتنی اوقات نہیں کہ بلاول بھٹو ان کے بارے میں سوچیں،حلیم عادل مسلسل بد زبانی کرکے چیئرمین پیپلزپارٹی اوروزیراعلیٰ سندھ پربے بنیاد الزام لگارہے ہیں، اگرقیادت منع نہیں کرتی تو جیالے جواب دینا جانتے ہیں،حلیم عادل کوروزانہ میڈیا پر آکر بدزبانی کرنی ہوتی ہے، جیل میں ہونے کی وجہ سے اس کے پیٹ میں مروڑ ہے۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ مارچ میں بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوام کو سلیکٹیڈ حکمرانوں سے نجات دلائیں گے۔
