وزیر اعلیٰ کی صنعتوں کی بہتری کیلئے کاوشیں قابل ستائش ہیں،محمد علی میاں

وزیر اعلیٰ کی صنعتوں کی بہتری کیلئے کاوشیں قابل ستائش ہیں،محمد علی میاں

لاہور ) کامرس رپورٹر) مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ پنجاب کے صدر محمد علی میاں نے کہا ہے کہ صنعت و تجارت اور معیشت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، تاجر برادری کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھانا اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ صوبے کو حقیقی معنوں میں تجارت و سرمایہ کاری کا مرکز بنانا چاہتے ہیں۔ محمد علی میاں نے ان خیالات کا اظہار مختلف مارکیٹوں سے آئے ہوئے تجارتی وفود سے ملاقات میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت آج معاشی صورتحال بہت بہتر ہے، معاشی اشارے اچھے مستقبل کی نشاندہی کررہے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان معاشی طور پر مستحکم ممالک کی صف میں شامل ہوگا لیکن اس سب کے لیے تاجر برادری کا کردار بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے تاجر وفود کو آگاہ کیا کہ توانائی کے شعبے میں تیزی سے کام جاری ہے ،جلد ہی ملک میں وافر اور سستی بجلی دستیاب ہوگی۔محمد علی میاں نے کہا کہ صنعت و تجارت سے متعلقہ پالیسیوں کی تشکیل سازی کے عمل میں تاجر برادری کو شامل مشاورت کیا جارہا ہے جس کی بدولت کاروباری دوست پالیسیاں تشکیل پارہی ہیں اور کاروباری ماحول مسلسل بہتر ہورہا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے صوبے میں چین کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کو بھی سراہا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1