مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے‘ کل جماعتی حریت کانفرنس

مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے‘ کل جماعتی حریت ...

سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس ع کے ترجمان نے سانحہ گا کدل کورواں تحریک مزاحمت میں پہلا المناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ظلم کی حامی قوتوں نے گا کدل علاقے میں نہتے عوام پر گولیاں برسا کر 52 کے قریب افراد کوجاں بحق کردیا۔ترجمان نے اس سانحہ کی26 ویں برسی پر ان شہداکو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کشمیری عوام کی اپنی جائز جد وجہد میں بیش بہا قربانیاں اس بات کا تقاضا کرتی ہیں کہ پوری قوم ان قربانیوں کونظر میں رکھ کر شہیداکے مشن کو پایہ تکمیل تک لے جانے کیلئے یکسوئی کا مظاہرہ کیا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ 26 سال کا عرصہ گزر گیا لیکن اس انسانیت سوز واقعے کی نہ تو اب تک تحقیقات ہوئی اور نہ اس واقعے میں ملوث مجرمین کو کوئی سزا دی گئی۔ ترجمان نے اس سانحہ کی برسی کے حوالے سے حریت کانفرنس کی اکائی پیپلز پولیٹکل پارٹی زیر قیادت انجینئر ہلال احمد وارکی جانب سے21 جنوری 2016 کوگا کدل اور ملحقہ علاقوں میں دی گئی احتجاجی ہڑتال کال کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس روز ان علاقوں میں مکمل ہڑتال کرکے اظہار یکجہتی کرنے کے ساتھ ساتھ ظلم و جبر کی قوتوں کیخلاف احتجاج کرکے عالمی برادری کو یہ پیغام دیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ سانحہ گا کدل ایک ایسا المناک واقعہ ہے جسے کشمیری قوم کبھی بھی فراموش نہیں کریں گے۔

مزید : عالمی منظر