سید علی گیلانی بتدریج روبہ صحت ہورہے ہیں، یاسین ملک اور غلام محمد بٹ کی عیادت

سید علی گیلانی بتدریج روبہ صحت ہورہے ہیں، یاسین ملک اور غلام محمد بٹ کی عیادت

سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیئرمین سید علی گیلانی بتدریج روبہ صحت ہورہے ہیں،تاہم شدید انفیکشن کی وجہ سے ڈاکٹروں نے انہیں فی الحال ملاقاتوں کا سلسلہ بند کرکے آرام کرنے کی صلاح دی ہے ۔اس دوران امیر جماعت اسلامی غلام محمد بٹ ،لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک اورحریت رہنما جاوید احمد میر پیر کو گیلانی کی عیادت کیلئے ان کی رہائش گاہ واقع حیدرپورہ پہنچ گئے جبکہ کئی مزاحمتی جماعتوں نے گیلانی کی صحتیابی کیلئے دعائیہ مجالس کا اہتمام کیا ہے۔ واضح رہے کہ حریت چیئرمین کئی روز سے بیمار ہیں اور چھاتی میں درد محسوس کرنے کے بعد اتوار کو انہیں آکسیجن دینا پڑا تھا۔پیر کی صبح جماعت اسلامی کے امیر غلام محمد بٹ نے گیلانی کی عیادت کی۔ان کے ہمراہ سابق قیم جماعت ڈاکٹر عبدالحمید فیاض ،غازی معین الاسلام اور شیخ بشیر احمد تھے ۔امیر جماعت نے سید علی گیلانی کی علالت پر گہری فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی درازی عمر اور جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ادھر لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے گیلانی کی عیادت کرتے ہوئے ان کی شفایابی کیلئے دعا کی ۔ فرنٹ چیئرمین کے ہمراہ تنظیم کے سینئر لیڈر شوکت احمد بخشی اور نور محمد کلوال تھے۔ حریت (ع) لیڈر اور لبریشن فرنٹ(ایچ) کے چیئرمین جاوید احمد میر نے بزرگ آزادی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی کی عیادت کی ۔ میر نے بزرگ رہنما سے ملاقات کی اور خیر و عافیت دریافت کی۔ اس دوران جاویدمیر نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ گیلانی کی مسلسل نظر بندی اور انکی بگڑتی صحت کے حوالے سے حکومت ہند پر انکی رہائی کیلئے دباو ڈالیں ۔جاوید میر کے مطابق خانہ نظربندی کی وجہ سے گیلانی کی صحت کافی متاثر ہوچکی ہے ۔

ادھر پیپلز لیگ کے سینئر وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی کی صدارت میں سید علی گیلانی کی جلد صحتیابی کیلئے ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد ہوا۔ دعائیہ مجلس میں لیگ کے جنرل سیکریٹری غلام نبی درزی کے علاوہ لیگ کے کئی اراکین نے حصہ لیا۔ اجلاس میں گیلانی کی علالت پر گہری فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے انکی درازی عمر اور جلد صحتیابی کیلئے خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ پیپلز فریڈم لیگ کے اہتمام سے تنظیم کے ضلع دفتر سوپور میں تقریب کے دوران حریت(گ)چیئرمین سید علی گیلانی کی صحتیابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ اس دوران سید علی گیلانی کے فرزند نسیم گیلانی نے اپنے والد کی طبیعت کے بارے میں کشمیر عظمی کو بتایا کہ اگرچہ انہیں ابھی سخت انفیکشن ہے تاہم وہ روبہ صحت ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ڈاکٹروں کی تجویز کردہ دوائیاں باقاعدگی کے ساتھ لے رہے ہیں،تاہم اتوار کی رات اورپیر کودن بھر ان کی صحت ٹھیک رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ امراض چھاتی کے ماہر ڈاکٹر نوید مسلسل ان کی نگرانی کررہے ہیں۔نسیم کے مطابق ڈاکٹروں نے انہیں فی الحال بالمشافہ ملاقاتوں کا سلسلہ بند کرکے آرام کرنے کی صلاح دی ہے ۔دریں اثناحریت کانفرنس گ کے ترجمان نے ان کی شفایابی کیلئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انفرادی اور اجتماعی طور سید علی گیلانی کو اپنی دعاں میںیاد رکھیں۔

مزید : عالمی منظر