سید سجاد اکبر کاظمی کی زیر صدارت پنجاب ٹیچرز یونین کی کور کمیٹی کا اجلاس

سید سجاد اکبر کاظمی کی زیر صدارت پنجاب ٹیچرز یونین کی کور کمیٹی کا اجلاس

لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) پنجاب ٹیچرز یونین کی کور کمیٹی کا اجلاس مرکزی صدرسید سجاد اکبر کاظمی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کور کمیٹی کے اراکین چوہدری سرفراز، جام صادق، عبدالقیوم راہی، اسلم گھمن ،رانا الطاف، امتیاز طاہر، رانا لیاقت علی، میاں امجد علی، آصف گوندل، ملک مستنصر باللہ اعوان، نے شرکت کی۔ اراکین نے 29 دسمبر کو لاہور میں منعقد مرکزی مجلس انتظامیہ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی روشنی میں رابطہ مہم اور محکمہ تعلیم سکولز پنجاب کی اپ گریڈیشن نہ ہونے ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے قیام اور سرکاری سکولوں کی پیف کو حوالگی کے باعث اساتذہ پنجاب میں پیدا شدہ اضطراب و بے چینی کے بارے میں آگاہ کرنے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ارباب اختیار کی سرد مہری اور مسلسل انتقامی کاروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اراکین کور کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ اساتذہ پنجاب کے حقوق کی پامالی ، مسلسل نا انصافیوں ، اعصاب شکن حالات ، ارباب اختیارکی سرد مہری اور معاشی استحصال کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے۔

اور پہلے مرحلہ پر پنجاب بھر میں28جنوری کو ضلعی سطح پرپریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

اور 31 جنوری کو پنجاب ٹیچرز یونین کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کور کمیٹی ضلعی سطح پر احتجاجی جلسوں کے شیڈول کا اعلان کریگی۔ کور کمیٹی کے اراکین نے دیگر اساتذہ تنظیموں کے ساتھ مشترکہ احتجاج کے لئے ہونیوالی کوششوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب ٹیچرز یونین اساتذہ پنجاب کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4