معیاری اور منفرد میوزک اولین ترجیح ،عطائی گلوکاروں نے موسیقی کا حلیہ بگاڑا: گلوکارہ حوریہ خان

معیاری اور منفرد میوزک اولین ترجیح ،عطائی گلوکاروں نے موسیقی کا حلیہ بگاڑا: ...
معیاری اور منفرد میوزک اولین ترجیح ،عطائی گلوکاروں نے موسیقی کا حلیہ بگاڑا: گلوکارہ حوریہ خان

  


لاہور(نیوز ڈیسک)معروف گلوکارہ حوریہ خان نے کہا ہے کہ میرے چاہنے والوں کی محبت میرے لئے بڑا سرمایہ ہے اور میری کوشش ہے کہ میں اپنے سرمائے کو بڑھانے والا میوزک ہی تخلیق کروں۔

ایک خصوصی ملاقات میں گلوکارہ حوریہ خان کا کہنا تھا کہ میں اپنے لئے معیاری اور کانوں میں رس گھولنے والا میوزک پسند کرتی ہوں اور میری کوشش ہوتی کہ شائقین میوزک کے لئے بھی معیاری اور منفرد میوزک کے ساتھ نئے انداز میں اپنامقام بنا سکوں۔انہوں نے کہا کہ موسیقی نے ہمیشہ تہذیبوں کی نمائندگی کی ہے، ہر خطے کی موسیقی میں وہاں کا تمدن کھنکتا ہے،ہماری اور مغربی موسیقی کے اپنے اپنے اصول وضوابط ہیں مگر کچھ اصول ایسے بھی ہیں جن کی بنیاد ایک ہے ،تین روزہ’’ انٹر نیشنل رن وے فیشن شو ‘‘ میں گایا جانے تھیم سانگ مشرقی و مغربی موسیقی کا حسین امتزاج ہے یہی وجہ ہے کہ اس تھیم سانگ کو بھر پور پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ عطائی گلوکاروں نے موسیقی کا حلیہ بگاڑا،ور رہی سہی کسر نجی سیکٹر میں چلنے والے بعض  ٹی وی چینلز نے پوری کر دی جس کی وجہ سے اصلی، سچی اور دل کو چھو جانے والی موسیقی کا چلن اب ماضی جیسا نہیں، موسیقی کے تمام رموز سے مکمل واقفیت اور ہر لمحہ سیکھنے کے عمل سے گزرنا میرا پسندیدہ مشغلہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں موسیقی کے انداز ،شاعری اور ،کیمپوزیشن پر گہری نظر رکھتی ہوں ۔حوریہ خان کا کہنا تھا کہ دو تین دھائیاں قبل موسیقی و گائیکی پر پروگرام کرنے والے پروڈیوسرز بہت باشعور تھے اور وہ موسیقی کے تمام رموز پر نہ صرف مکمل دسترس رکھتے تھے بلکہ معیاری کام اُن کی ترجیحات میں شامل تھا ، ایسے پروفیشنل لوگ اب بھی موجود ہیں مگر ان کی تعداد بہت کم ہے جس کی بنیادی وجہ موسیقی کی تعلیم دینے والے اداروں کی کمی ہے مگر خوش آئند بات ہے کہ ہمارے تعلیمی اداروں میں بھی موسیقی کے اسرار و رموز سیکھانے کی باقاعدہ کلاسز ہو رہی ہیں مگر ہمیں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لئے بہت سا کام کرنا باقی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھا رتی فلمی موسیقی سے پاکستانی گلوکاروں کو کوئی خطرہ لاحق نہیں بلکہ پاکستانی گلوکاروں اور موسیقاروں نے بالی ووڈ فلم اندسٹری میں اپنا آپ منوا کے موسیقی کی دنیا میں نئی جدت پیدا کی ہے ۔واضح رہے کہ تین روزہ انٹرنیشنل رن وے فیشن شو کل سے لاہور کے مقامی فائیو سٹار ہوٹل میں شروع ہورہا ہے،جس کا انگریزی تھیم سانگ گلوکارہ حوریہ خان کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا جس کی کمپوزیشن سہیل عباس نے بنائی ہے ۔اس تھیم سانگ کے حوالے سے حوریہ خان کا کہنا تھا کہ میرے پاس آج جو نام ومقام ہے وہ صرف اور صرف میوزک کی بدولت ہے،اس لیے میوزک کے بغیر میں خود کو ادھورامحسوس کرتی ہوں۔تین روزہ انٹرنیشنل رن وے فیشن شو کا تھیم سانگ کے لئے میرا انتخاب بڑے اعزاز کی بات اور اس بات کی دلیل ہے کہ جو لوگ محنت کرتے ہیں اللہ ان کی محنت کو رائیگاں نہیں جانے دیتا ۔

مزید : تفریح