پاک افغان طورخم بارڈر پر آٹے کے تھیلوں میں چھپائے گئے 9لاکھ سعودی ریال برآمد
خیبرایجنسی(صباح نیوز)پاک افغان بارڈر طورخم پر تلاشی کے دوران خاصہ دار فورس نے ایک سمگلر سے 9 لاکھ سعودی ریال برآمدکرلئے۔سمگلر کولنڈ ی کوتل حوالات منتقل کردیا گیا ہے۔تحصیلدار طورخم کے مطابق ریال آٹے کے تھیلوں میں چھپائے گئے تھےجس کی اطلاع پہلے سے تھی۔ تفصیلات کے مطابق پاک افغان بارڈر طورخم پر خاصہ دار فورس نے معمول کی تلاشی کے دوران ایک ہتھ گاڑی سے 9 لاکھ سعودی ریال برآمد کرلئے۔
افغان کرنسی سمگلر نعیم سکنہ ننگر ہار افغانستان کو بھی گرفتار کرکے لنڈ کوتل منتقل کردیاگیا۔طورخم تحصیلدار شمس الاسلام نے بتایا کہ ان کو پہلے سے اطلاع تھی اس لئے آج چیکنگ سخت کی گئی تھی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ آج کل کرنسی سمگلنگ میں کافی اضافہ ہوا ہے جس کے بارے میں پاکستانی حکام کے درمیان کئی بار میٹنگز بھی ہوئی اور اس بات پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ایک انسانی سمگلر سے پاکستانی پاسپورٹ برآمد کئے گئے تھے۔

