عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں: ممنون حسین
اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان صحت کے شعبہ کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے ،صحت عامہ کے بنیادی ڈھانچہ کی بہتری اور عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھا رہا ہے،پاکستانی ڈاکٹرز اور رائل کالج آف فزیشنز کی باہمی کاوشوں کے ذریعے ’فیوچر ہاسپٹل پاکستان‘ جیسے منصوبے مریضوں کی نگہداشت کی عمدہ مثال ہوں گے۔ صدر مملکت نے یہ بات گزشتہ روزرائل کالج آف فزیشنز برطانیہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے صدر جین ڈیکر کی قیادت میں ایوان صدر میں ملاقات کی۔ صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ ہم مل کر صحت عامہ کو درپیش خطرات کو دور کرنے میں معاون کردار ادا کر سکتے ہیں۔ صدر نے وفد پر پاکستانی ڈاکٹروں کیساتھ تعاون میں مزید اضافہ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صدر نے آر سی پی کی پانچ سو سالہ تقریبات پر وفد کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان میں اس کے خوشگوار قیام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔