پارلیمنٹ کو گالیاں دینے والے کس منہ سے اسکے رکن ہیں، انتخابات میں عوام ان کا احتساب کرینگے: نواز شریف

پارلیمنٹ کو گالیاں دینے والے کس منہ سے اسکے رکن ہیں، انتخابات میں عوام ان کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( لاہور( جنرل رپورٹر‘نمائندہ خصوصی ،مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی)سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہاہے کہ سارے ملک نے دیکھا اورسنا کہ پارلیمنٹ کے خلاف کیسی زبان استعمال کی گئی جو لوگ آج پارلیمنٹ کو گالیاں دے رہے ہیں وہ کس منہ سے اس پارلیمنٹ کے ممبر ہیں، میری جنگ کسی کے خلاف نہیں بلکہ انصاف کے حصول کیلئے ہے، عوام2018کے انتخابات میں پارلیمنٹ کو گالیاں دینے والوں کا خود احتساب کرے گی،۔ ، ہری پور اور پشاور میں جلسے عوامی رابطہ مہم کا حصہ ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاتی امراء رائے ونڈ میں کارکنوں کے ہمراہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سابق وزیر اعظم نماز کی ادائیگی کے بعد رہنماؤں اور کارکنوں میں گھل مل گئے اور ان سے مصافحہ کر کے حالات بارے آگاہی حاصل کی ۔نواز شریف کا کہنا تھاکہ کارکن ہمارااثاثہ اور اصل طاقت ہیں ، آپ نے انفرادی اور اجتماعی طور پر ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ترقی کی ضامن ہے اور ہمارے ادوار میں ہمیشہ ترقی کی رفتار بڑھی اور آج بھی یہ سفر جاری ہے ،سابق وزیر اعظم کی رہائشگاہ پرمحفل میلاد کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں محمد نواز شریف ، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ ،رانا ارشد ، بجاش خان نیازی ، سجاد ربانی ،فواد ، حاجی طلعت ، مرزا جاوید سمیت لیگی کارکنوں نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر نبی دو جہاں کی شان اقدس میں ہدیہ نعت پیش کرنے کے ساتھ درود و سلام کا نذرانہ بھی پیش کیا گیا۔اس موقع پر ملک کی سلامتی ،استحکام ، ترقی ،خوشحالی اور بیگم کلثوم نواز کی صحتیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے جاتی امراء میں سابق وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) ملتان کی نوجوان قیادت کے رہنما محمد آصف رجوانہ بھی گورنر پنجاب کے ہمراہ تھے۔ تقریبا ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال ، صوبہ پنجاب بالخصوص ملتان کے سیاسی ، ترقیاتی اور پارٹی کے حوالے سے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ہم نے پوری تندہی اور جانفشانی کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کی ہے اور انشاء اللہ 2018ء میں اللہ کے فضل و کرم اور عوام کی بھرپور تائید سے آئندہ عام انتخابات میں کامیابی و کامرانی سے ہمکنا ر ہوں گے۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ ان کا دل پاکستانی قوم بالخصوص ملتان کے غیورعوام ،پارٹی کے کارکنوں اورنوجوان قیادت کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سب سے بڑی خوبصورتی اور سرمایہ ان کے نوجوان ورکرز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان طبقہ کو آگے آنا چاہئے کیونکہ پاکستان کا مستقبل انہیں نوجوان نسل سے وابستہ ہے ۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) ملتان کی نوجوان قیادت کے رہنما محمد آصف رجوانہ نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کوملتان آنے کی دعوت دی جو انہوں نے بخوشی قبول کر لی ۔ قبل ازیں،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ساتھ جمعہ کی نماز ادا کی اوران کی رہائش گاہ میں منعقد ہونے والی روح پرورمحفل میلادﷺ میں بھی حاضری کی سعادت حاصل کی ۔