پارلیمنٹ پر لعن طعن کرنیوالے قوم سے معافی مانگیں: وزیراعظم

پارلیمنٹ پر لعن طعن کرنیوالے قوم سے معافی مانگیں: وزیراعظم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد ( آن لائن )وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پارلیمینٹ پر لعن طعن کرنے والوں کو اپنے رویے پر قوم سے معافی مانگنی چاہئے، طاہر القادری کا نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کا معاملہ گزشتہ روز کچھ میڈیا چینلز نے اٹھایا تھا لیکن حکومت کی جانب سے اس قسم کا کوئی اقدام نہیں اٹھایا جا رہا۔ اگر عدالت نے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا تو پھر اس معاملے کو دیکھیں گے کہ آیا کسی غیر ملکی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا جا سکتا ہے یا نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو میں کیا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایک غیر ملکی شخص پاکستان کی حکومت گرانے کی بات کرتا ہے تو چیف جسٹس کو اس بارے میں بھی از خود نوٹس لینے کا سوچنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن وقت پر ہوں گے جبکہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار کافیصلہ انتخابات میں جیت کے بعد کیا جاتا ہے۔ بلوچستا ن کے ارکان اسمبلی نے بتایا کہ ان پر دباؤ ہے ، انہیں فون کالز میں دھمکیاں دی جارہی رہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب حکومت قصور واقعے میں ملوث ملزمان کو پکڑنے کیلئے بھرپور طریقے سے کام کر رہی ہے اور مجھے اس واقعے میں ان کی کوئی کوتاہی نظر نہیں آتی، زینب کے قاتلوں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دی جائے گی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایگزیکٹ کی جعلی ڈگریوں کا معاملہ کافی پرانا چلا آ رہا ہے۔ ایگزیکٹ کا معاملہ سائبر کرائم ہے۔ دنیا میں کہیں بھی اس پر قابو پانا کافی مشکل ہے اور اس معاملے کاچیف جسٹس نے ازخود نوٹس لیا ہے۔ حکومت نے ایگزیکٹ کے خلاف کارروائی کی اور مزید کوئی نئے شواہد سامنے آئے تو حکومت مزید کارروائی کرے گی۔

اسلام آباد (اے پی پی،این این آئی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کامرس ڈویژن اور بیرون ملک پاکستانی مشنز کو ہدایت کی ہے کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس اور برآمدات میں اضافے کے رجحانات کو برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ایک اعلی سطح کا اجلاس گزشتہ روزوزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران 2018ء کے بعد بھی پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع کی غرض سے کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ کامرس ڈویژن نے اجلاس کو پاکستان کی جانب سے جی ایس پی پلس کیلئے درکار تقاضوں سے متعلق تفصیلی بریف کیا۔قبل ازیں انجمن تاجران اسلام آباد کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ معیشت کی ترقی میں تاجر برادری کا کردار اہم ہے حکومت تاجر برادری کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے، دیرینہ مسائل کو جلد حل کیا جائے گا ۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چودھری اور رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد بھی موجود تھے۔انجمن تاجران اسلام آباد کے وفد نے وزیراعظم کو اسلام آباد کی تاجر برادری کو درپیش مختلف مسائل بالعموم اور قانون کرایہ داری کے مسئلہ کے حوالہ سے بالخصوص آگاہ کیا اور مسائل کے حل کیلئے درخواست کی۔ وزیراعظم نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کے دیرینہ مسائل کو جلد حل کیا جائیگا۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر طارق فضل چودھری کو اسلام آباد کی تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے قانون سازی کے حوالے سے اقدامات ترجیحی بنیادوں پر اٹھانے اور اسلام آباد میں تجارتی مراکز کے دیگر مسائل کے حل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت کی۔