نواز شریف جلد جیل کے اندر ، آئندہ وزیر اعظم عمران خان ہونگے :ڈاکٹر یاسمین راشد
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحر یک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف جلد جیل کے اندر ہونگے اور ملک کے آئندہ وزیر اعظم عمران خان ہونگے، ملک کی تباہی کے ذمہ دار آصف زرداری اور نواز شریف ہیں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ نواز شریف دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے اپنی لوٹ مار کا حساب دیں ، نواز شریف نے ملکی اداروں کو تباہ کیا اور اپنی اور اپنی اولادوں کی جیبیں بھری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور انکے حواریو ں نے ملکی وسائل کو لوٹ کر بیرون ملک لے گئے ، نواز شریف چاہتے ہے کہ مجھے لوٹ مار کی کھلی چھٹی مل جائے لیکن ان کا یہ خواب ہمیشہ ہمیشہ کے لئے چکنا چور ہو چکا ہے ، مسلم لیگ نون چوروں اور لٹیروں کی آماجگاہ بن چکی ہے ، آئندہ الیکشن میں نواز شریف کو پی ٹی آئی کی عوامی طاقت کا پتا لگ جائے گا ، 35سالوں بعد نواز شریف رنگے ہاتھوں پکڑے جا چکے ہیؓں اور انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں نا اہل ہو جائو ں گا ۔ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پہلے دن سے کرپشن کے خاتمے کے لئے آواز بلند کی ہے اور انہوں نے پانامہ ڈاکے کا مقدمہ لڑ کر نواز شریف کو اقتدار سے باہرنکال پھینکا ، نواز شریف اپنی نا اہلی کی سزا پوری قوم کو دے رہے ہیں اور وہ رو دھو کر عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے ۔