نئی نسل کوزیورتعلیم سے آراستہ کرنا حکومت پنجاب کا مشن ہے ، اجمل چمیہ

نئی نسل کوزیورتعلیم سے آراستہ کرنا حکومت پنجاب کا مشن ہے ، اجمل چمیہ

لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر سماجی بہبود وبیت المال محمداجمل چیمہ نے کہا ہے کہ نئی نسل کو زیورتعلیم سے آراستہ کرنا حکومت پنجاب کا مشن ہے اس سلسلے میں وسیع بنیادوں پر تعلیمی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے یہ بات چک جھمرہ میں گورنمنٹ پرائمری سکول کے معائنہ کے دوران کہی۔صوبائی وزیر نے بچوں کی کلاسز کا دورہ کیا اور تدریسی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے ٹیچرز سے کہا کہ وہ بچوں کو تعلیم کی جانب راغب رکھیں تاکہ وہ سکول چھوڑ کر نہ جائیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں جدیدسہولتیں فراہم کرنے پر توجہ مرکوز ہے تاکہ طالب علموں کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جاسکے۔انہوں نے بچوں سے پیارومحبت وشفقت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ وہ حصول علم پربھرپور توجہ دیں اور محنت لگن سے علم حاصل کریں تاکہ وہ تعلیم یافتہ ہو کر ملک وقوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے حلقہ کے تمام تعلیمی اداروں کا سروے کرکے ان میں عدم دستیاب سہولتیں فراہم کرنے کے لئے خصوصی فنڈز فراہم کریں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1