عمران خان نہایت ایمانداری سے عوام کی خدمت کررہے ہیں،اعجاز چودھری

عمران خان نہایت ایمانداری سے عوام کی خدمت کررہے ہیں،اعجاز چودھری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجازاحمد چوہدری نے کہاہے کہ وز یراعظم عمران خان تحمل اور نہایت ایمانداری سے عوام کی خدمت کررہے ہیں جبکہ مخالفین کی جانب سے تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف من گھڑت خبریں چلائی جارہی ہیں جس سے انہیں کچھ حاصل نہیں ہو نے والا ۔انہوں نے کہاکہ شہباز شریف اور آصف زرداری نے بغل گیر ہو کر ثابت کر دیا ہے کہ انہوں نے'' ایک دوسرے کی کرپشن کے تحفظ کی قسم کھائی ہے''اسی لیے پیٹ پھاڑنے اور رقوم واپس نکلوانے کی بجائے سمجھوتہ کرنے کو ترجیح دی ہے ،اپوزیشن شور کر نے کی بجائے حوصلہ رکھے، ریاست نہیں اب صرف اور صرف کرپشن ناکام ہو گی اور کرپٹ عناصر کی سرکوبی کیلئے عمران خان کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ3دہائیوں تک اقتدار میں رہنے والے موجودہ حکومت کے 4یا 5ماہ کے ساتھ کیسے موازنہ کر سکتے ہیں؟، کرپٹ سیاستدانوں کا احتساب قومی احتساب بیورو (نیب)کر رہا ہے،جن سیاستدانوں کو عدالتوں کا خوف ہے تو انہیں کرپشن بھی نہیں کرنی چاہیے تھی، وزیر اعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان آل شریف اور آل زرداری کے لیے مشعل راہ ہیں، انہوں نے اپنی جائیداد کی ساری تفصیلات اور ثبوت سپریم کورٹ میں پیش کیے، ایک چھوٹی سی غلطی پر ایف بی آر کو جرمانہ بھی ادا کر دیا،مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی جھوٹی خبریں پھیلانے اور پروپیگنڈے میں مصروف ہیں،وہ اپنے ارادوں میں کامیاب نہیں ہوں گے جو لوگ گزشتہ 40 سالوں سے کرپشن کر رہے ہیں ان کا احتساب تو ہو گا۔