فضل حکیم خان کا سیدو سنٹر ہسپتال کا دورہ

فضل حکیم خان کا سیدو سنٹر ہسپتال کا دورہ

  

پشاور( سٹاف رپورٹر)چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان نے ہفتہ کی صبح سیدو سنٹرل ہسپتال جاکر ایک ہی خاندان کے سات مجروحین کی عیادت کی جو سیدو شریف کے علاقے شاہین آباد چیل شگئی میں گیس لیکیج دھماکے اور آتشزدگی سے زخمی ہوگئے تھے اور گھر کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا وہ گھرانے کے سربراہ سمیت تمام مجروحین اور انکے تیمار داروں سے فرداً فرداً ملے اور انکی ہر طرح دلجوئی کی ڈسٹرکٹ کونسلر سہیل سلطان ایڈوکیٹ اور یوسی ناظم حیدرعلی کے علاوہ دیگر بلدیاتی نمائندے، پی ٹی آئی کے عہدیدار اور مقامی عمائدین بھی انکے ہمراہ تھے فضل حکیم خان نے ہسپتال انتظامیہ کو اس المناک حادثے میں زخمی تمام افراد کا علاج ہنگامی بنیادوں پر بالکل مفت کرنے کی ہدایت کی حتی کہ انکی ادویات کا بندوبست بھی ہسپتال کے میڈیکل سٹور سے یقینی بنانے کا حکم دیا ڈیوٹی پر موجود ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے اس موقع پربتایا کہ افسوسناک واقعہ رونما ہونے اور مجروحین کو پہنچانے کا عمل شروع ہوتے ہی ہسپتال انتظامیہ نے علاج کے تمام انتظامات ہنگامی بنیادوں پر مکمل کئے جبکہ ایک شدید زخمی خاتون کو پشاور ریفر کیا گیا جس پر چئیرمین ڈیڈیک نے ہسپتال انتظامیہ کو پشاور میں بھی خاتون کے علاج کا ہنگامی بنیادوں پر بندوبست کرنے اور انکے مفت علاج کو یقینی بنانے کیلئے فوری رابطوں کی ہدایت کی فضل حکیم خان نے عمائدین کے ہمراہ گیس لیکیج سے متاثرہ گھر کا دورہ بھی کیا اور خاندان کے دیگر متاثرین سے ملے انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت متاثرہ غریب خاندان کی مالی امداد کا جائزہ بھی لے گی انہوں نے اسطرح کے اندوہناک حادثات کی روک تھام کیلئے ضلعی انتظامیہ اور سوئی گیس حکام کا مشترکہ اجلاس بلانے کی ہدایت بھی کی تاکہ گیس میں لیکیج کا احساس دلانے کیلئے بدبودار اجزاء شامل کرنے سمیت دیگر حفاظتی اقدامات کئے جا سکیں اور قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ بنایا جا سکے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -