سندس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منو بھائی کی پہلی برسی کی تقریب کاانعقاد

سندس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منو بھائی کی پہلی برسی کی تقریب کاانعقاد

لاہور(فلم رپورٹر)سندس فاؤنڈیشن کے زیراہتمام فلیٹیز ہوٹل لاہور میں منو بھائی کی پہلی برسی کی تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت معروف تجزیہ نگار و کالم نگار حسن نثار نے کی جبکہ اس تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چوہدری سرور تھے مزید براں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ اس موقع پر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور منو بھائی کے اہل خانہ بھی موجود تھے ۔حاضرین کی موجودگی میں تمام شعبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے منو بھائی کی صحافت اور خدمت انسانی کیلئے کی گئی کاوشوں کو سراہا اور اپنے اپنے انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔ مہمان خصوصی گورنر پنجاب چوہدری سرور نے حاضرین مجلس اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ منو بھائی کی شاہ کار تحریریں محض سیاہی کے الفاظ نہیں بلکہ علم کا خزانہ تھے۔آج ہم یہاں پر صرف منو بھائی کی برسی کے سلسلے میں ہی اکٹھے نہیں ہوئے بلکہ اس عزم کا اعادہ کرنے کیلئے آئے ہیں کہ منو بھائی کے نقش قدم پر چل کر ہم اُن کو حقیقی خراج عقیدت پیش کریں گے حسن نثار نے منو بھائی کے ساتھ گزرے ہوئے لمحات کا ذکر چھیڑ کر ماحول میں منو بھائی کی موجودگی کا احساس دلایا اس موقع پر انہوں نے منو بھائی کے علم اور اُنکے تجربے پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ منو بھائی ایک انفرادی شخصیت نہیں بلکہ اپنی ذات میں ایک بہت بڑا ادارہ تھے۔

منوبھائی کی برسی

مزید : پشاورصفحہ آخر