وزیراعظم ساہیوال واقعہ پر افسردہ ،افتخار درانی

وزیراعظم ساہیوال واقعہ پر افسردہ ،افتخار درانی

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی نے کہا کہ وزیراعظم ساہیوال اس واقعہ پر بہت زیادہ افسردہ بھی ہیں اور فکرمند بھی، بچوں کا کوئی قصور نہ تھا، بچوں کو سپورٹ کیا جائے گا،اپنے بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم رحم دل انسان ہیں، بچوں کی دیکھ بھال حکومت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، وزیراعظم واقعے سے متعلق وزیراعلی پنجاب سے رابطے میں ہیں، وزیراعظم نے فی الفور تحقیقات کراکے حقائق سامنے لانے کی ہدایت کی ہے۔افتخار درانی نے کہا کہ بچوں والا معاملہ انتہائی دردناک ہے، لوگ حقائق جاننا چاہتے ہیں، پنجاب حکومت نے جے آئی ٹی بنائی ہے جس کا جلد نتیجہ سامنے آئے گا، واقعہ کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، پولیس کی طرح پنجاب میں بھی اسکریننگ کا عمل جاری ہے، جو لوگ بہتر پرفارم نہیں کررہے یا جن کے ماضی داغدار ہیں ان کی نشاندہی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ریفارمز بھی آجائیں گی اور پولیس بہتری کی جانب گامزن ہوجائے گی۔وزیر اعظم عمران خان کے نوٹس لینے کے بعد وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر ساہیوال واقعے میں ملوث محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی)پنجاب کے اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ترجمان وزیراعلی پنجاب نے گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے اور یہ بھی بتایا کہ وزیراعلی پنجاب میانوالی سے لاہور سے ساہیوال روانہ ہوئے۔

مزید :

صفحہ اول -