پاکستان درست سمت میں گامزن ،حکومت عوام کا مستقبل سنوارنے کیلئے کمر بستہ :صدرجنرل اسمبلی

پاکستان درست سمت میں گامزن ،حکومت عوام کا مستقبل سنوارنے کیلئے کمر بستہ ...

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا اسپینوزا نے کہاہے وزیراعظم عمران خان کی حکومت عوام کا مستقبل سنوارنے کیلئے کمربستہ ہے، نیا مستقبل غربت و بدعنوانی کے خاتمے اور سرمایہ کاری وفروغ سیاحت پرمبنی ہے، ملک درست سمت کی طرف گامزن ہے ، اعلی عہدوں پر کام کرنیوالی متعدد خواتین میں انتہائی بہتری آئی ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کا ایک مثالی کردا ر ہے،عالمی برادری انسداد دہشت گردی کی پاکستانی کوششوں کی معترف اور پاکستان کا علاقائی امن وسلامتی میں کرداربھی قابل تعریف ہے، بیس لاکھ افغان پناہ گزین اب بھی پاکستان میں رہائش پذیر ہیں،کستان نے اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں انتہائی اہم کردارادا کیا، امید ہے پاکستان ہماری امن کی کارروائیوں کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان میں اقوام متحدہ کی ٹیم حکومت کیساتھ غربت اور عدم مساوات کیخلا ف کام کررہی ہے ۔گزشتہ روزریڈیوپاکستان کو خصوصی انٹرویو میں ماریہ فرنینڈا اسپینوزا کا مزید کہنا تھا پاکستان ایسا خوبصورت ملک ہے جہا ں دنیا کیلئے دیکھنے کے دلکش مناظر موجود ہیں ۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ملیحہ لودھی ایک موثر آواز ہے ۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریب خواتین کو نقد امداد کی فراہمی قابل تعریف ہے تاہم معاشرے کے محروم طبقوں خصوصا خواتین کوچھوٹے کاروبار او ر مواقع کیساتھ حقیقی معیشت سے جوڑنے کی ضرورت ہے ، مسئلہ کشمیر اور پاکستان بھارت سے متعلق سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کشمیر سمیت تمام تنازعات کا پرامن حل ضروری ہے جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی بھی اس ضمن میں ذمہ داری بنتی ہے تاہم زیادہ اہم بات ہے کہ تنازعات کومتعلقہ فریقین سیاسی عزم اور تعمیری مذاکرات کے ذریعے حل کریں ۔

ماریہ فرنینڈا اسپینوزا

مزید :

صفحہ اول -